خونی ٹینکر کا قہر! کراچی میں ایک اور شہری کچل دیا گیا، ڈرائیور گرفتار

کراچی: شہر قائد میں تیز رفتار واٹر ٹینکر نے موٹرسائیکل سوار کی جان لے لی، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا۔

پولیس کے مطابق منگل کو سائٹ ایریا لیاقت چورنگی کے قریب ایک تیز رفتار واٹر ٹینکر نے موٹرسائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں موٹرسائیکل سوار موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

حادثے کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ٹینکر کو قبضے میں لے کر ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ڈرائیور اور واٹر ٹینکر کو مزید تفتیش کے لیے سائٹ-اے پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا ہے۔

واقعے کے فوری بعد ریسکیو ٹیمیں بھی جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔

پولیس رپورٹس کے مطابق، کراچی میں رواں سال ہیوی ٹریفک حادثات میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 138 تک پہنچ گئی ہے، جو شہر میں ٹریفک کی بگڑتی صورتحال پر سنگین سوالات اٹھا رہی ہے۔

واضح رہے کہ 31 مئی کو بھی شہر میں پانچ مختلف حادثات میں ایک کالج پروفیسر سمیت کم از کم پانچ افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔

گزشتہ چند ماہ کے دوران تیز رفتار ڈمپر ٹرکوں اور ٹینکرز کے حادثات میں اضافے کے باعث حکام نے متعدد حفاظتی اقدامات متعارف کرائے ہیں، تاہم ان پر عملدرآمد ایک بڑا چیلنج بنا ہوا ہے۔ اس مسلسل مسئلے نے ٹریفک قوانین کے سخت نفاذ اور مزید جانوں کے ضیاع کو روکنے کے لیے شہر کے روڈ انفراسٹرکچر میں بڑی تبدیلیوں کے مطالبات کو تقویت دی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں