بلوچستان کے ضلع مستونگ میں منگل کو لیویز فورس کے اہلکاروں اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشتگرد ہلاک اور ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق، مستونگ میں لیویز لائن پر حملے میں سات دیگر افراد زخمی بھی ہوئے، جبکہ ملزمان نے متعدد گاڑیوں کو بھی نذرِ آتش کردیا۔ حملہ آور اس مہلک کارروائی کے بعد موقع سے فرار ہوگئے۔
زخمیوں کو نواب غوث بخش رئیسانی اسپتال مستونگ منتقل کردیا گیا ہے۔
واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند نے کہا کہ بھارت کے حمایت یافتہ دہشتگردوں نے ایک مقامی بینک اور تحصیل دفاتر پر حملہ کیا۔
ایک 16 سالہ نوجوان کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے شاہد رند نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کو گھیرے میں لے لیا اور جوابی فائرنگ کے دوران دو دہشتگردوں کو ہلاک جبکہ تین کو زخمی کردیا گیا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ”سیکیورٹی فورسز کے فوری ردعمل نے جانی نقصان میں اضافے کو روکنے میں مؤثر کردار ادا کیا“۔ انہوں نے مزید بتایا کہ حملے کی جگہ پر منظم کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور سیکیورٹی ادارے حملہ آوروں کے سہولت کاروں کا سراغ لگا رہے ہیں۔
یہ ایک ترقی پذیر خبر ہے جسے مزید تفصیلات کے ساتھ اپ ڈیٹ کیا جا رہا ہے۔