پیر کے روز غزہ پر اسرائیلی افواج کے فضائی حملوں اور فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم 95 افراد شہید ہو گئے، جن میں ساحل سمندر پر واقع ایک کیفے پر حملے میں 39 افراد شامل ہیں، جبکہ اشد ضروری امداد حاصل کرنے کی کوشش کرنے والے فلسطینی بھی فائرنگ کا نشانہ بنے۔
عینی شاہدین اور طبی حکام کے مطابق، ایک فضائی حملہ غزہ شہر میں واقع البقا کیفے پر اس وقت کیا گیا جب وہ خواتین اور بچوں سے بھرا ہوا تھا۔ حملے کے وقت کیفے میں موجود علی ابو عتیلہ نے بتایا، “بغیر کسی وارننگ کے، اچانک ایک جنگی طیارے نے اس جگہ کو نشانہ بنایا، اور اسے زلزلے کی طرح ہلا کر رکھ دیا۔”
اس حملے میں کم از کم 39 افراد شہید اور درجنوں زخمی ہوئے، جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے۔ شہداء میں صحافی اسماعیل ابو حاطب کے علاوہ خواتین اور بچے بھی شامل تھے جو کیفے میں جمع تھے۔
فلسطینی جرنلسٹس سنڈیکیٹ کے مطابق، اکتوبر 2023 میں جنگ شروع ہونے کے بعد سے اب تک غزہ میں 220 سے زائد صحافی جاں بحق ہو چکے ہیں۔
یہ کیفے، جو 20 ماہ سے جاری جنگ کے دوران کام جاری رکھنے والے چند کاروباروں میں سے ایک تھا، انٹرنیٹ تک رسائی اور اپنے فون چارج کرنے کے لیے رہائشیوں کے لیے ایک اجتماع کی جگہ بن چکا تھا۔