غزہ: الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق، اسرائیلی فضائی حملے میں غزہ کے ایک ساحلی کیفے کو نشانہ بنایا گیا ہے، جس کے نتیجے میں کم از کم 22 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں خواتین، معصوم بچے اور ایک صحافی بھی شامل ہیں، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
یہ حملہ اس وقت ہوا جب لوگ کیفے میں جمع تھے۔ حملے کے بعد جائے وقوعہ پر دل دہلا دینے والے مناظر تھے، ہر طرف تباہی اور انسانی اعضاء بکھرے ہوئے تھے۔
امدادی ٹیموں نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر زخمیوں اور لاشوں کو اسپتال منتقل کیا۔ یہ واقعہ غزہ پر جاری اسرائیلی جارحیت کی تازہ ترین کڑی ہے، جہاں مسلسل بمباری سے انسانی بحران سنگین صورتحال اختیار کرچکا ہے۔
اس حملے نے ایک بار پھر نہتے شہریوں کو نشانہ بنانے پر عالمی سطح پر تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔