ملواکی بکس کا بڑا دھماکا: آل اسٹار ڈیمین لِلارڈ فارغ، مائلز ٹرنر ٹیم میں شامل
نیویارک: امریکی باسکٹ بال لیگ (این بی اے) کی ٹیم ملواکی بکس نے منگل کے روز ایک بڑے فیصلے میں نو مرتبہ کے آل اسٹار گارڈ ڈیمین لِلارڈ کو ٹیم سے فارغ کر دیا ہے اور ان کی جگہ فری ایجنٹ سینٹر مائلز ٹرنر کو سائن کر لیا ہے۔
ای ایس پی این کی رپورٹ کے مطابق، بکس نے لِلارڈ کے معاہدے میں باقی رہ جانے والی 113 ملین ڈالر کی رقم کو اگلے پانچ سیزن میں تقسیم کرنے کے لیے اجتماعی سودے بازی کے معاہدے میں موجود “اسٹریچ اینڈ ریلیز” کی شق کا استعمال کیا ہے۔ لِلارڈ اس وقت مئی میں ہونے والی سرجری سے صحت یاب ہو رہے ہیں جو ان کے ایکیلیز ٹینڈن (پنڈلی کا پچھلا پٹھا) کے پھٹنے کے بعد کی گئی تھی۔
دوسری جانب، فری ایجنٹ مائلز ٹرنر نے ملواکی بکس کے ساتھ چار سالہ، 107 ملین ڈالر کے معاہدے پر اتفاق کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس معاہدے میں 2028-29 کے آخری سیزن میں کھلاڑی کے لیے آپشن اور 15 فیصد ٹریڈ کِکر بھی شامل ہے، جو ٹرنر کو ٹریڈ ہونے کی صورت میں بونس کے طور پر ادا کیا جائے گا۔
29 سالہ ٹرنر نے اپنے 10 سالہ کیریئر کا تمام عرصہ انڈیانا پیسرز کے ساتھ گزارا۔ انہوں نے پیسرز کو اس سیزن میں این بی اے فائنلز تک پہنچنے میں مدد دی، جہاں انہیں اوکلاہوما سٹی تھنڈر کے خلاف سات گیمز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ وہ 2025-26 کے سیزن میں ملواکی کی فرنٹ لائن پر سابق ایم وی پی یانس اینٹیٹوکونمپو کے ساتھ ٹیم بنائیں گے۔
لِلارڈ 15 جولائی کو 35 سال کے ہو جائیں گے اور انہیں ایکیلیز کی شدید انجری سے مکمل صحت یابی کے لیے طویل بحالی کے عمل کا سامنا ہے۔ اگرچہ ان کی واپسی کا کوئی باقاعدہ ٹائم فریم مقرر نہیں کیا گیا، لیکن امکان ہے کہ وہ اگلے سیزن کا بڑا حصہ، یا شاید پورا سیزن ہی، مِس کر سکتے ہیں۔
لِلارڈ بکس کے ساتھ اپنے دوسرے سیزن کے دوران 58 گیمز میں اوسطاً 24.9 پوائنٹس، 7.1 اسسٹس اور 4.7 ریباؤنڈز دے چکے ہیں۔ انہوں نے اپنے کیریئر کے پہلے 11 سیزن پورٹلینڈ ٹریل بلیزرز کے ساتھ گزارے ہیں۔ اپنے کیریئر میں وہ 900 ریگولر سیزن مقابلوں میں 25.1 پوائنٹس کی اوسط رکھتے ہیں اور ان کے 2,804 تھری پوائنٹرز این بی اے کی تاریخ میں چوتھے نمبر پر ہیں۔
ٹرنر نے انڈیانا پیسرز کو فرنچائز کی تاریخ میں سب سے زیادہ بلاک شاٹس (1,412) کے ساتھ چھوڑا ہے۔