پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے سوشل میڈیا پر جاری قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ لاہور کے جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (جے آئی سی) کا نام وزیراعلیٰ مریم نواز کے نام پر تبدیل نہیں کیا گیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ایکس’ پر جاری کردہ اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے لکھا، ‘جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور کا نام ‘جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور’ ہی ہے اور اس میں کسی قسم کی تبدیلی زیر غور نہیں۔’
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت کے مالی سال 2025-26 کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں فنڈز ‘جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی’ کے نام سے ہی مختص کیے گئے ہیں۔
یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب گزشتہ ہفتے پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز نے کارڈیو ویسکولر انسٹیٹیوٹ سے متعلق ریمارکس دیے۔ انہوں نے کہا تھا کہ ‘مریم نواز انسٹیٹیوٹ آف کارڈیو ویسکولر ڈیزیزز، پی آئی سی کی توسیع ہوگی۔ یہ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔’
اس کے بعد صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کے اس بیان نے الجھن میں مزید اضافہ کیا کہ لاہور کے جناح اسپتال کے بورڈ آف گورنرز کی قرارداد پر اسپتال کا نام مریم نواز انسٹیٹیوٹ آف کارڈیک رکھا گیا ہے۔
تاہم، مریم اورنگزیب نے اپنی پوسٹ میں اس ابہام کو دور کرتے ہوئے کہا، ‘نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ میں دل اور دیگر بیماریوں کے عالمی معیار کے جدید علاج کے لیے چودہ نئے اسپتال قائم کیے جائیں گے، جن کی ماسٹر پلاننگ تکمیل کے قریب ہے۔’
سینئر وزیر نے صحافیوں پر زور دیا کہ وہ مستقبل میں کوئی بھی خبر شائع کرنے سے پہلے حقائق کی تصدیق ضرور کریں۔