خلیج سوئز کے پانیوں میں قیامت! تیل بردار بارج ڈوبنے سے 4 افراد ہلاک، 4 کی تلاش جاری

قاہرہ: مصر کی خلیج سوئز میں تیل کی کھدائی کرنے والا ایک بارج ڈوب گیا ہے، جس کے نتیجے میں عملے کے کم از کم چار ارکان ہلاک اور چار دیگر لاپتہ ہو گئے ہیں۔

مصری حکومت نے بدھ کو جاری ایک بیان میں بتایا کہ یہ حادثہ گزشتہ شب خلیج سوئز کے علاقے جبل الزیت میں پیش آیا، جب ‘ایڈم میرین 12’ نامی بارج ڈوب گیا۔ حادثے میں 22 افراد زخمی بھی ہوئے۔

مصری میڈیا کے مطابق، بارج کو ایک نئی جگہ پر منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ الٹ گیا۔

مصر کی وزارت صحت نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ چار زخمیوں کو ایئرلفٹ کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ 18 دیگر افراد کو ایمبولینس کے ذریعے ہسپتال پہنچایا گیا۔

وزارت پیٹرولیم اور معدنی وسائل نے وزیر کریم بدوی کی تصاویر جاری کیں جن میں وہ بدھ کے روز ہرغادہ کے الجونہ ہسپتال میں زندہ بچ جانے والوں کی عیادت کر رہے ہیں۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ وزیر محنت محمد جبران اور بحیرہ احمر کے گورنر عمرو حنفی بھی موجود تھے۔

گورنر عمرو حنفی نے بتایا کہ مصری بحریہ کے جہاز بھی لاپتہ عملے کے ارکان کی تلاش اور بچاؤ کی کوششوں میں شامل ہو گئے ہیں۔

واضح رہے کہ جبل الزیت نہر سوئز سے تقریباً 300 کلومیٹر (186 میل) جنوب میں تیل کی پیداوار کا ایک بڑا مصری مرکز ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں