اہم نکات:
- بلاول کا مذاکرات، امن اور مسئلہ کشمیر کے حل پر زور۔
- بھارتی قیادت کے ’زیرو سم‘ نقطہ نظر پر تنقید۔
- سندھ طاس معاہدے کو ہتھیار کے طور پر استعمال بند کرنے کا مطالبہ۔
اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان دہشتگردی سے مشترکہ طور پر نمٹنے کیلئے بھارت کے ساتھ ایک “تاریخی اور غیر معمولی شراکت داری” قائم کرنے کیلئے تیار ہے، اور نئی دہلی پر زور دیا ہے کہ وہ محاذ آرائی کا مؤقف ترک کرکے امن کیلئے بامعنی مذاکرات کرے۔
اسلام آباد میں “پاکستان: دہشتگردی کے خلاف ایک مضبوط دیوار” کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے بھارتی قیادت پر زور دیا کہ وہ زیرو سم سوچ کو ترک کرے اور انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے تعاون کرے، حریف کے طور پر نہیں، بلکہ ایسے پڑوسیوں کے طور پر جن پر جنوبی ایشیا کے ایک ارب سے زائد لوگوں کی زندگیوں کے تحفظ کی مشترکہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا، “اس کیلئے صرف یہ ضروری ہے کہ بھارت کی قیادت اس اونچے گھوڑے سے اتر آئے جو اس کی جمہوریہ کو کھائی کی طرف لے جا رہا ہے۔ پاکستان کے ساتھ امن کی راہ اپنائیں۔ آئیں ہمارے ساتھ بیٹھیں، ہم سے بات کریں۔ آئیے کشمیر کا مسئلہ اس کے عوام کی امنگوں کے مطابق حل کریں۔”
انہوں نے “پانی کو ہتھیار بنانے” کا سلسلہ ختم کرنے کا مطالبہ بھی کیا، جس میں انہوں نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے میں شرکت معطل کرنے کے حالیہ اقدام کا حوالہ دیا۔ یہ معاہدہ 1960 میں عالمی بینک کی ثالثی میں طے پایا تھا جو مشترکہ دریاؤں کے استعمال کو منظم کرتا ہے۔
بلاول بھٹو نے زور دیا، “آئیے پانی کو ہتھیار بنانے کا سلسلہ ختم کریں اور اس کے بجائے ہمالیہ جیسے عظیم امن کو قائم کریں۔ آئیے ہم اپنی مشترکہ روایات کی طرف لوٹیں جن کی بنیاد نفرت پر نہیں بلکہ وادی سندھ کی تہذیب کی قدیم مٹی پر ہے۔”
ان کے یہ تبصرے دونوں جوہری پڑوسیوں کے درمیان اس وقت پیدا ہونے والی کشیدگی کے بعد سامنے آئے ہیں جب بھارت نے پاکستان پر بھارتی غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر (IIOJK) میں رواں سال کے اوائل میں 26 شہریوں کے قتل میں ملوث ہونے کا الزام لگایا تھا، جس کی اسلام آباد نے سختی سے تردید کی ہے۔
انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے وسیع تجربے کو اجاگر کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے عالمی برادری کو بھی ملک کے انسداد دہشتگردی کے بنیادی ڈھانچے سے استفادہ کرنے کی دعوت دی۔
انہوں نے کہا، “آئیں ہمارے ساتھ تربیت حاصل کریں۔ آئیں پاکستان سے سیکھیں۔ ہماری مسلح افواج، ہماری اسپیشل فورسز، ہماری پولیس فورس سے سیکھیں۔ ہم نے نسل در نسل انسداد دہشتگردی اور پرتشدد انتہا پسندی کے خلاف سب سے وسیع جنگ لڑی ہے۔”
اپنے خطاب کے اختتام پر بلاول بھٹو نے تعاون کے ذریعے مفاہمت کا تصور پیش کرتے ہوئے کہا، “آئیے شراکت داری کو تاثرات کی جگہ لینے دیں۔ ہاتھ بڑھانا کمزوری نہیں، دانشمندی ہے۔”