پی ٹی آئی کو ایک اور بڑا دھچکا، مخصوص نشستیں بھی ہاتھ سے گئیں، فائدہ کس کو ہوا؟

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے سپریم کورٹ کے آئینی بینچ کے 27 جولائی کے فیصلے کی روشنی میں مخصوص نشستوں سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے نظرثانی درخواستیں منظور کرتے ہوئے فیصلہ دیا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) قومی و صوبائی اسمبلیوں میں خواتین اور اقلیتوں کے لیے مخصوص نشستوں کی حقدار نہیں ہے، جس کے بعد ان نشستوں کا بڑا حصہ حکومتی اتحاد کو مل گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کے مطابق خیبرپختونخوا سے قومی اسمبلی میں خواتین کی پانچ مخصوص نشستیں بحال کی گئی ہیں، جن میں سے دو نشستیں پاکستان مسلم لیگ (ن) اور ایک جمعیت علمائے اسلام (ف) کو الاٹ کی گئی ہیں۔

پنجاب سے قومی اسمبلی میں خواتین کی گیارہ مخصوص نشستیں بھی بحال کی گئی ہیں، جن میں سے 10 نشستیں حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) اور ایک پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کو دی گئی ہے۔ کمیشن نے ایوانِ زیریں میں اقلیتوں کے لیے مخصوص تین نشستیں بحال کیں جو مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی اور جے یو آئی (ف) کو ایک ایک مل گئیں۔

خیبرپختونخوا اسمبلی
نوٹیفکیشن کے مطابق خیبرپختونخوا اسمبلی میں خواتین کی 21 مخصوص نشستیں بحال کی گئی ہیں، جن میں سے 8 جے یو آئی (ف)، چھ مسلم لیگ (ن) اور 5 پیپلز پارٹی کو دی گئی ہیں۔ ایک ایک نشست پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز اور عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کو بھی الاٹ کی گئی ہے۔

دریں اثنا، خیبرپختونخوا اسمبلی میں اقلیتوں کے لیے مخصوص چار نشستیں بحال کی گئیں، جن میں سے دو جے یو آئی (ف) کو جبکہ ایک ایک مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کو دی گئی۔

پنجاب اسمبلی
الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی میں خواتین کی 24 مخصوص نشستیں بحال کیں، جن میں سے مسلم لیگ (ن) کو 21، جبکہ پیپلز پارٹی، استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) اور پاکستان مسلم لیگ (ق) کو ایک ایک نشست ملی۔ اقلیتوں کی تین نشستیں بحال کی گئیں، جن میں سے دو مسلم لیگ (ن) اور ایک پیپلز پارٹی کو الاٹ کی گئی۔

سندھ اسمبلی
سندھ اسمبلی میں خواتین کی دو اور اقلیتوں کی ایک نشست بحال کی گئی ہے۔ ایک نشست پیپلز پارٹی اور دوسری متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم-پی) کو الاٹ کی گئی ہے۔

مزید برآں، الیکشن کمیشن نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں عام نشستوں پر کامیاب امیدواروں کی بانی پی ٹی آئی کی جماعت سے وابستگی کا نوٹیفکیشن بھی واپس لے لیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں