پاک فضائیہ کے سربراہ کا تاریخی دورۂ امریکا، پینٹاگون اور کانگریس حکام سے ملاقاتوں میں کیا طے پایا؟

واشنگٹن: پاکستان اور امریکا کے درمیان دفاعی تعاون کو مضبوط بنانے کی کوششوں میں ایک بڑی پیشرفت ہوئی ہے، پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے امریکا کا ایک تاریخی سرکاری دورہ کیا ہے، جو ایک دہائی سے زائد عرصے میں کسی بھی حاضر سروس پی اے ایف چیف کا پہلا دورہ ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دورے کے دوران ایئر چیف نے پینٹاگون اور کیپیٹل ہل میں اعلیٰ حکام سمیت امریکا کی سینئر سیاسی اور عسکری قیادت کے ساتھ اسٹریٹیجک سطح پر ملاقاتیں کیں۔

آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ یہ ملاقاتیں ادارہ جاتی تعلقات کی تجدید، باہمی تعاون کو بڑھانے اور علاقائی و عالمی امن کے لیے باہمی عزم کی توثیق میں اہم ثابت ہوئیں۔

پینٹاگون میں ایئر چیف سدھو نے سیکریٹری آف دی ایئر فورس (انٹرنیشنل افیئرز) کیلی ایل سیبولٹ اور یو ایس ایئر فورس کے چیف آف اسٹاف جنرل ڈیوڈ ڈبلیو آلون سے ملاقات کی۔ بات چیت میں دوطرفہ فوجی تعاون کو مضبوط بنانے، مشترکہ تربیتی اقدامات کو آگے بڑھانے اور ٹیکنالوجی کے تبادلے کو وسعت دینے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ انہوں نے پاک امریکا فوجی تعلقات کے لیے پاکستان کے دیرینہ عزم کا اعادہ کیا اور تعاون پر مبنی اقدامات کو آگے بڑھانے کے لیے اعلیٰ سطح پر بات چیت جاری رکھنے پر زور دیا۔

اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ میں پی اے ایف چیف نے بیورو آف پولیٹیکل ملٹری افیئرز کے براؤن ایل اسٹینلے اور بیورو آف ساؤتھ اینڈ سینٹرل ایشین افیئرز کے ایرک میئر سے ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی کوششوں، جنوبی اور وسطی ایشیا میں بدلتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال اور علاقائی امن کے لیے اسلام آباد کے وژن پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایئر چیف مارشل سدھو نے کیپیٹل ہل پر امریکی قانون سازوں مائیک ٹرنر، رچ میک کارمک اور بل ہوئیزینگا سمیت اہم شخصیات سے بھی ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں نے پاکستان کے اسٹریٹیجک خیالات پہنچانے، امن کے لیے ملک کے عزم کی توثیق کرنے اور دوطرفہ دفاعی تعاون کو مضبوط بنانے کی وکالت کے لیے ایک قابل قدر پلیٹ فارم فراہم کیا۔

یہ دورہ پاک امریکا تعلقات میں ایک اسٹریٹیجک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے اور اس نے پاک فضائیہ اور یو ایس اے ایف کے درمیان دفاع، مشترکہ مشقوں اور ادارہ جاتی مذاکرات میں تعاون بڑھانے کی بنیاد رکھی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں