ایجسٹن: بھارت نے کپتان شبمن گل کی شاندار ناقابلِ شکست سنچری اور یشسوی جیسوال کی نصف سنچری کی بدولت انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کے اختتام پر 5 وکٹوں کے نقصان پر 310 رنز بنا کر اپنی پوزیشن مستحکم کر لی ہے۔
ایجسٹن میں کھیلے جا رہے میچ میں انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ بھارت کا آغاز زیادہ اچھا نہ تھا اور کے ایل راہول جلد ہی کرس ووکس کا شکار بن گئے۔ اس کے بعد آنے والے کرونا نائر بھی 31 رنز بنا کر لنچ سے قبل پویلین لوٹ گئے۔
دوسرے سیشن میں یشسوی جیسوال نے جارحانہ انداز اپنایا لیکن وہ اپنی سنچری مکمل نہ کر سکے اور 87 رنز پر بین اسٹوکس کی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ ایک موقع پر بھارت کی آدھی ٹیم 211 رنز پر آؤٹ ہو چکی تھی جب رشبھ پنت 25 اور نتیش کمار ریڈی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
اس مشکل صورتحال میں کپتان شبمن گل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور رویندرا جدیجا کے ساتھ مل کر 99 رنز کی ناقابلِ شکست شراکت قائم کی۔ شبمن گل نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی ساتویں اور سیریز کی دوسری سنچری اسکور کی اور دن کے اختتام پر 114 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ رویندرا جدیجا 41 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔
بھارت نے ٹیم میں تین تبدیلیاں کی ہیں اور فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کو آرام دیا گیا ہے، جس پر سابق کھلاڑیوں نے حیرانی کا اظہار کیا ہے۔ ان کی جگہ اکاش دیپ کو شامل کیا گیا ہے جبکہ سائی سدھرسن اور شاردل ٹھاکر کی جگہ نتیش کمار ریڈی اور واشنگٹن سندر کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔