کراچی/لاہور: ماہر موسمیات انجم نذیر نے پیشگوئی کی ہے کہ کراچی کے شہریوں کو 9 سے 11 جولائی تک ہلکی بارش کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جبکہ جولائی کے وسط سے بارش کے دو سے تین اسپیلز کا امکان ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام ‘جیو پاکستان’ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اس وقت کراچی کے مختلف علاقوں بشمول صدر، ملیر اور لیاقت آباد میں وقفے وقفے سے بوندا باندی جاری ہے۔
محکمہ موسمیات پاکستان (پی ایم ڈی) نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی میں موسم مرطوب اور جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی پیشگوئی کی ہے، جبکہ دن اور رات میں صوبہ سندھ کے دارالحکومت کے کئی علاقوں میں بوندا باندی یا ہلکی بارش کا امکان ہے۔
آج کراچی کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی توقع ہے، جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 27.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد ہے۔
انجم نذیر نے مزید بتایا کہ مون سون کی بارشیں ملک کے بالائی علاقوں کو متاثر کر رہی ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخوا کے علاقے چیراٹ میں 92 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے بالائی اور شمال مشرقی علاقوں میں درمیانی سے تیز بارشوں کی توقع ہے، جبکہ سندھ کے کچھ علاقوں میں بھی ہلکی بارش کا امکان ہے۔
دوسری جانب، پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے 5 سے 10 جولائی تک پنجاب بھر میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔ راولپنڈی، مری، چکوال، جہلم، گوجرانوالہ، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، ساہیوال اور فیصل آباد میں بارش کا امکان ہے جبکہ اوکاڑہ، قصور، خوشاب اور سرگودھا میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
پی ڈی ایم اے نے متوقع مون سون بارشوں کے پیش نظر خبردار کیا ہے کہ 7 جولائی سے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے بھی بدھ کو ایک الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو ملک کے مختلف علاقوں میں ممکنہ سیلابی خطرات سے خبردار کیا ہے جو آئندہ مون سون بارشوں کی وجہ سے پیدا ہوسکتے ہیں۔