اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف ”ایک پائیدار اور موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف مزاحم مستقبل کیلئے نیا ای سی او وژن“ کے عنوان سے منعقد ہونے والی 17ویں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے دو روزہ سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے آذربائیجان کے شہر خانکندی روانہ ہوگئے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف پاکستانی وفد کی قیادت کر رہے ہیں اور وہ اجلاس کے دوران اہم علاقائی اور عالمی چیلنجز پر پاکستان کا نقطہ نظر پیش کرتے ہوئے ای سی او وژن 2025 کے لیے اسلام آباد کے عزم کا اعادہ کریں گے۔
اس کے علاوہ، وزیراعظم رکن ممالک کے درمیان تجارت، ٹرانسپورٹ روابط، توانائی کے شعبے میں تعاون اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے کی وکالت کریں گے۔ دورے کے دوران وزیراعظم سربراہی اجلاس کے موقع پر دیگر ای سی او رہنماؤں سے بھی دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے جن میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان اقتصادی تعاون تنظیم (آر سی ڈی) کے بانی اراکین میں شامل ہے، جو 1964 میں ایران اور ترکیہ کے ساتھ مل کر قائم کی گئی تھی، جسے 1985 میں ای سی او کا نام دیا گیا۔
10 رکن ممالک پر مشتمل اس تنظیم کی علاقائی تجارت کا حجم 76 ارب ڈالر ہے، جو اسے تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ایک اہم علاقائی فورم بناتا ہے۔ یہ تنظیم ایشیا کو یورپ اور یوریشیا کو عرب دنیا سے جوڑتی ہے۔
پاکستان نے 2017 میں 13ویں ای سی او سربراہی اجلاس کی میزبانی کی تھی جس میں رکن ممالک کے سربراہان نے ای سی او وژن 2025 کی توثیق اور منظوری دی تھی۔