ایران اسرائیل جنگ بندی کس نے کروائی؟ وزیر داخلہ نے وزیراعظم شہباز شریف کا نام لے لیا

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ایران اور اسرائیل کے درمیان 12 روز تک جاری رہنے والی کشیدگی کے بعد جنگ بندی میں کلیدی کردار ادا کیا۔

جمعرات کو محرم الحرام کے سیکیورٹی اقدامات کے حوالے سے علمائے کرام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے مشرق وسطیٰ میں پیدا ہونے والی حالیہ کشیدگی پر بات کی۔ یاد رہے کہ یہ بحران 13 جون کو اس وقت شروع ہوا جب اسرائیل نے ایران میں بمباری کی جس میں اعلیٰ فوجی کمانڈرز اور سائنسدان جاں بحق ہوگئے، جس کے جواب میں تہران نے اسرائیلی شہروں پر بیلسٹک میزائلوں سے حملے کیے۔

وزیر داخلہ نے بتایا کہ پاکستان نے اس پورے تنازع کے دوران اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور او آئی سی سمیت تمام بین الاقوامی فورمز پر ایرانی مؤقف کی حمایت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر سے ٹیلی فونک گفتگو بھی کی، جس پر ایرانی صدر نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور تہران کی حمایت میں پاکستان کے مستقل اور اصولی مؤقف کو سراہا۔

اس موقع پر محسن نقوی نے حالیہ پاک بھارت تنازع پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ اس 87 گھنٹے طویل تنازع کے دوران ملک کو زیادہ نقصان نہیں ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ ”بھارت کی طرف سے داغے گئے میزائلوں میں سے کوئی بھی اپنے ہدف تک نہیں پہنچا۔ بھارت نے پاکستان میں ایک فوجی اڈے پر تقریباً 11 میزائل فائر کیے لیکن ہمارا کوئی طیارہ تباہ نہیں ہوا۔“

وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ پاکستان نے اپنی جوابی کارروائی ”آپریشن بنیان مرصوص“ میں بھارتی شہری آبادی کو نشانہ نہیں بنایا۔ انہوں نے بتایا کہ بھارتی حملوں میں مسلح افواج کے 13 اہلکاروں سمیت 53 پاکستانی شہید ہوئے۔

محرم الحرام میں امن و امان کے قیام پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کوششوں کے ساتھ ساتھ علمائے کرام کا کردار بھی انتہائی اہم ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں