یونان کا سیاحتی جزیرہ آگ کے شعلوں میں: 1500 سے زائد افراد کا ہنگامی انخلا، صورتحال تشویشناک

ایتھنز: جنوبی یورپ میں موسم گرما کی شدید لہر کے دوران یونان کے جزیرے کریٹ میں لگنے والی خوفناک جنگلاتی آگ کے باعث 1500 سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق، جمعرات کو کم از کم 230 فائر فائٹرز، جن میں سے کچھ کو دارالحکومت ایتھنز سے بھیجا گیا تھا، آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہے تھے۔ یہ آگ بدھ کی شام جزیرے کے جنوب مشرقی ساحل پر واقع قصبے ایراپترا کے قریب بھڑکی تھی۔

یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب اسپین کے شمال مشرقی علاقے کاتالونیا میں جنگل کی آگ سے کم از کم دو افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جبکہ رواں ہفتے فرانس اور اٹلی میں بھی گرمی سے متعلق اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔

مقامی حکام کے مطابق، طوفانی ہواؤں کی وجہ سے پھیلنے والی آگ کریٹ کے مکانات اور ہوٹلوں تک پہنچ گئی، جس کے بعد درجنوں رہائشیوں اور سیاحوں کو ایراپترا کے ایک انڈور اسٹیڈیم میں منتقل کیا گیا۔

کریٹ کے ڈپٹی سول پروٹیکشن گورنر، جارج ساپاکوس نے سرکاری براڈکاسٹر ای آر ٹی کو بتایا، “تین بستیوں کو خالی کرا لیا گیا ہے اور 1,000 سے زیادہ لوگ اپنے گھر چھوڑ چکے ہیں۔ کچھ کو سانس کی تکلیف کے باعث صحت کے مراکز میں لے جایا گیا ہے۔”

دریں اثنا، نائب پریفیکٹ یانس اندرولاکیس نے تصدیق کی کہ آگ، جس کے اس وقت ‘تین فعال محاذ’ ہیں، تیز ہواؤں کی وجہ سے تیزی سے پھیلی۔ انہوں نے کہا، “اب بھی کئی مختلف محاذ ہیں۔ آگ جھاڑیوں اور فصلوں کو جلا رہی ہے۔ ہوائیں بہت تیز ہیں – بیوفورٹ اسکیل پر نو تک۔”

ٹی وی چینل میگا کو انٹرویو دیتے ہوئے اندرولاکیس نے مزید کہا کہ رات کے وقت پانی پھینکنے والے طیارے متاثرہ علاقوں تک نہیں پہنچ سکے۔ یونانی فائر سروس کے ترجمان کے مطابق، آگ بجھانے کے لیے ڈرونز اور 10 ہیلی کاپٹر بھی استعمال کیے جا رہے ہیں۔

جمعرات کو اپنے روزانہ کے بلیٹن میں، فائر سروس نے خبردار کیا کہ کریٹ اور جنوبی یونان میں جنگلات میں آگ لگنے کا خطرہ بہت زیادہ ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال یونان نے اپنی تاریخ کا گرم ترین موسم گرما دیکھا تھا، جس میں ڈبلیو ڈبلیو ایف گریس اور ایتھنز نیشنل آبزرویٹری کے مطابق جنگلات کی آگ سے 45,000 ہیکٹر (111,200 ایکڑ) رقبہ جل گیا تھا۔ 2023 میں اس سے بھی زیادہ نقصان ہوا تھا جب درجہ حرارت 46 ڈگری سیلسیس (115 ڈگری فارن ہائیٹ) تک پہنچنے پر تقریباً 175,000 ہیکٹر (432,400 ایکڑ) رقبہ جنگلات کی آگ سے متاثر ہوا تھا۔

اپنا تبصرہ لکھیں