10 محرم کے بعد کیا ہونے والا ہے؟ عمران خان نے جیل سے حکومت مخالف تحریک چلانے کی ہدایت کردی

بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ ان کے بھائی نے 10 محرم کے بعد حکومت کے خلاف تحریک شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔

راولپنڈی میں انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بانی پی ٹی آئی کا پیغام پہنچایا اور بتایا کہ ان کا کہنا ہے کہ 27 ویں ترمیم نافذ کرنے سے بہتر ہے کہ ”بادشاہت“ قائم کردی جائے۔

یہ اعلان سپریم کورٹ کی جانب سے پی ٹی آئی کو پارلیمنٹ میں خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں سے محروم کرنے کے چند روز بعد سامنے آیا ہے۔

علیمہ خان نے بتایا کہ تحریک کا منصوبہ پہلے ہی تیار کر لیا گیا ہے جبکہ بانی پی ٹی آئی نے عوام سے ”اپنی آزادی کے لیے باہر نکلنے“ کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے اپنا یہ مؤقف دہرایا ہے کہ ”غلامی سے قید بہتر ہے“۔

عمران خان کی بہن نے دعویٰ کیا کہ ان کے بھائی کو جیل میں سخت حالات کا سامنا ہے، ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی دن کے 22 گھنٹے ایک سیل میں گزارتے ہیں اور انہیں صرف دو گھنٹے کے لیے باہر آنے کی اجازت ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ بانی پی ٹی آئی کے لیے جیل کی تمام سہولیات ختم کر دی گئی ہیں، انہیں اپنے بچوں سے بات کرنے یا کتابیں حاصل کرنے کی بھی اجازت نہیں ہے۔

دوسری جانب، پی ٹی آئی کے ترجمان شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ ان کی جماعت نے پہلے ایران اسرائیل جنگ کی وجہ سے اور پھر محرم کے احترام میں ملک گیر احتجاج ملتوی کیا۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی کے تمام صوبائی صدور کی تیاریاں مکمل ہیں۔ پہلے مرحلے میں صوبوں اور اضلاع میں مظاہرے کیے جائیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکنوں کو گولیوں کے سامنے نہیں لایا جانا چاہیے۔ جب پہلی گولی چلی تو بانی پی ٹی آئی جیت گئے۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے احتجاج میں اسلحہ لانے کے بیان سے متعلق سوال پر وقاص اکرم نے کہا کہ گنڈاپور اپنے دفاع کی بات کر رہے تھے۔ وزیر اعلیٰ کا مطلب تھا کہ ہر کسی کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔

پی ٹی آئی ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے گنڈاپور کو احتجاج کی قیادت کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں