وزیراعظم شہباز شریف اور آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) سمٹ کے موقع پر ملاقات کی جس میں دونوں رہنماؤں نے تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
ملاقات کے دوران، دونوں رہنماؤں نے سرمایہ کاری کے امکانات پر ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور اقتصادی شراکت داری، خاص طور پر پاکستان میں آذربائیجان کی سرمایہ کاری کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف 17ویں ای سی او سمٹ میں پاکستانی وفد کی قیادت کے لیے آذربائیجان کے دورے پر ہیں۔
جمعہ کے روز وزیراعظم شہباز شریف خانکندی کانگریس سینٹر پہنچے تو آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے ان کا استقبال کیا۔
وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی ہیں۔
سمٹ میں وزیراعظم کلیدی علاقائی اور عالمی چیلنجز پر پاکستان کا نقطہ نظر پیش کریں گے اور ای سی او وژن 2025 کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کریں گے۔
سربراہی اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے آذربائیجان کے صدر سے نتیجہ خیز دو طرفہ ملاقات کی اور 17ویں ای سی او سمٹ کی مثالی میزبانی پر انہیں مبارکباد دی۔
وزیراعظم نے بھارت کے ساتھ حالیہ تنازع کے دوران پاکستان کی بھرپور حمایت پر صدر علیوف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے بھی مشکل وقت میں آذربائیجان کی مسلسل حمایت کی ہے۔
شہباز شریف نے اس بات کا اعادہ کیا کہ دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان حالیہ رابطوں نے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں مدد دی ہے۔ انہوں نے صدر الہام علیوف کو جلد از جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔