جنگ کا پانسہ پلٹنے والا ہے؟ پوٹن سے مایوسی کے بعد ٹرمپ نے زیلنسکی سے کیا وعدہ کر لیا؟

یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی نے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے اپنے امریکی ہم منصب ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ یوکرین کے فضائی دفاع کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ پیش رفت کیف میں امریکی فوجی امداد کی فراہمی پر بڑھتے ہوئے خدشات کے درمیان سامنے آئی ہے۔

صدر زیلنسکی نے جمعے کو بتایا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان فون پر ”ایک بہت اہم اور نتیجہ خیز گفتگو“ ہوئی۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر اپنی پوسٹ میں انہوں نے مزید کہا، ”ہم نے فضائی دفاع میں مواقع کے بارے میں بات کی اور اس بات پر اتفاق کیا کہ ہم اپنے آسمانوں کے تحفظ کو مضبوط بنانے کے لیے مل کر کام کریں گے۔“

یوکرینی صدر نے یہ بھی بتایا کہ انہوں نے امریکی رہنما کے ساتھ مشترکہ دفاعی پیداوار کے ساتھ ساتھ مشترکہ خریداری اور سرمایہ کاری پر بھی تبادلہ خیال کیا، خاص طور پر ڈرونز اور متعلقہ ٹیکنالوجیز کے حوالے سے۔

یہ پیشرفت امریکی صدر کی روسی صدر ولادیمیر پوٹن کے ساتھ گفتگو کے ایک دن بعد ہوئی، جسے ٹرمپ نے ”انتہائی مایوس کن“ قرار دیا تھا۔ ٹرمپ نے جمعرات کو کہا تھا، ”میں صدر پوٹن کے ساتھ آج ہونے والی گفتگو سے بہت مایوس ہوں، کیونکہ مجھے نہیں لگتا کہ وہ جنگ روکنا چاہتے ہیں، اور یہ بہت بری بات ہے۔“

اس گفتگو کے چند گھنٹے بعد ہی روس نے جنگ کے سب سے بڑے ڈرون حملے سے کیف کو نشانہ بنایا، جس میں ایک شخص ہلاک اور کم از کم 23 زخمی ہوئے، جبکہ دارالحکومت میں کئی عمارتوں کو نقصان پہنچا۔ یوکرین کی فضائیہ کے مطابق روس نے کل 539 ڈرونز اور 11 میزائل داغے۔

واضح رہے کہ یوکرین واشنگٹن سے مزید پیٹریاٹ میزائل اور سسٹمز کا مطالبہ کرتا رہا ہے، جنہیں وہ شدید روسی فضائی حملوں سے اپنے شہروں کے دفاع کے لیے کلیدی سمجھتا ہے۔ واشنگٹن کی جانب سے یوکرین کو ہتھیاروں کی کچھ ترسیل روکنے کے فیصلے نے کیف میں تشویش کی لہر دوڑا دی تھی۔

صدر ٹرمپ نے جمعرات کو جرمن چانسلر فریڈرک مرز سے بھی بات کی تھی جس میں یوکرین کی صورتحال اور اس کے فضائی دفاع کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

صدر زیلنسکی نے اپنی پوسٹ میں امریکی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ”ہم تمام فراہم کردہ حمایت کے لیے شکر گزار ہیں، کیونکہ یہ جانوں کے تحفظ اور ہماری آزادی کی حفاظت میں مدد کرتی ہے۔“ انہوں نے مزید کہا کہ ”امن کے لیے ایک عظیم معاہدے کی ضرورت ہے۔“

اپنا تبصرہ لکھیں