فلوریڈا کے شہر اورلینڈو میں کھیلے گئے فیفا کلب ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں متبادل کھلاڑی ہرکیولیس کے فیصلہ کن گول کی بدولت برازیلین کلب فلومیننس نے سعودی کلب الہلال کو 1-2 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔
جمعے کو کھیلے گئے اس سنسنی خیز مقابلے میں ٹورنامنٹ کی انڈر ڈاگ ٹیم فلومیننس نے پہلے ہاف میں میتھیوس مارٹینیلی کے ذریعے برتری حاصل کی، لیکن وقفے کے بعد الہلال نے مارکس لیونارڈو کے گول سے مقابلہ برابر کردیا۔
تاہم، فلومیننس نے ہمت نہیں ہاری اور 70ویں منٹ میں ہرکیولیس نے شاندار گول کر کے اپنی ٹیم کو دوبارہ برتری دلائی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔ یہ دونوں کلبوں کے درمیان پہلا مقابلہ تھا جس میں برازیلین کلب نے یادگار فتح حاصل کی۔
اس جیت کے بعد فلومیننس کی ٹیم، جسے ٹورنامنٹ کے آغاز میں سب سے کمزور ٹیموں میں شمار کیا جا رہا تھا، اب سیمی فائنل میں ہم وطن برازیلین کلب پامیراس اور انگلش پریمیئر لیگ کی ٹیم چیلسی کے درمیان ہونے والے کوارٹر فائنل کی فاتح ٹیم سے مقابلہ کرے گی۔
دوسری جانب، اسٹرائیکر لیونارڈو کا ٹورنامنٹ میں چوتھا گول بھی الہلال کو شکست سے نہ بچا سکا اور وہ ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی۔ سعودی ٹیم ایشیا کی آخری نمائندہ ٹیم تھی جس نے پیر کو دوسرے راؤنڈ میں مانچسٹر سٹی کو ایکسٹرا ٹائم میں 3-4 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا اپ سیٹ کیا تھا۔
میچ کے بعد فلومیننس کے ہیڈ کوچ ریناٹو پورٹالپی نے اپنے کھلاڑیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا، ‘ہم جانتے تھے کہ یہ ایک مشکل میچ ہوگا، لیکن میں اپنے کھلاڑیوں کے ردعمل سے بہت خوش ہوں۔ مجھے بہت خوشی ہے کہ ہم سیمی فائنل میں پہنچ گئے ہیں۔’
میچ سے قبل لیورپول اور پرتگال کے اسٹار فٹبالر ڈیوگو جوٹا اور ان کے بھائی کی اسپین میں ایک کار حادثے میں ہلاکت پر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی، جس دوران الہلال کے پرتگالی کھلاڑی روبن نیوس اور جواؤ کینسیلو آبدیدہ نظر آئے۔