دوست ملک آذربائیجان نے پاکستان پر ڈالر کی بارش کردی، 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا بڑا معاہدہ طے پاگیا

شوشا، آذربائیجان: پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان جمعے کو ایک اہم پیشرفت میں 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا شراکت داری معاہدہ طے پا گیا۔

یہ معاہدہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے مسلسل بہاؤ کی عکاسی کرتا ہے۔

وزیراعظم کی موجودگی میں، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اور آذربائیجان کے وزیر اقتصادیات میکائیل جباروف نے پاکستان کے اقتصادی شعبے میں 2 ارب ڈالر کی کل سرمایہ کاری کے معاہدے پر دستخط کیے۔ اس موقع پر پاکستانی وفد بھی موجود تھا۔

معاہدے پر دستخط دونوں ممالک کے درمیان وزیراعظم شہباز شریف اور آذربائیجانی صدر الہام علییف کے درمیان خانکندی میں ہونے والی خوشگوار ملاقات کے بعد ہوئے۔

حتمی اور تفصیلی معاہدے پر آذربائیجان کے صدر کے دورہ پاکستان کے دوران دستخط کیے جائیں گے۔

اس معاہدے نے دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری اور تجارتی تعلقات کو ایک تاریخی سطح پر پہنچا دیا ہے۔ توقع ہے کہ یہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور تجارتی شراکت داری کو بڑھانے کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔

وزیراعظم کے حالیہ دورے سے قبل، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ، پاکستان کے سفارتی مشن، اور متعلقہ وفود نے معاہدے کے مختلف پہلوؤں پر اتفاق رائے قائم کیا تھا۔ دونوں ممالک نے متعدد شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے مزید تبادلوں پر بھی اتفاق کیا۔

شوشا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان نے 2 ارب ڈالر کے سرمایہ کاری معاہدے پر دستخط کیے ہیں، اور مزید کہا کہ مستقبل میں سرمایہ کاری میں کئی گنا اضافہ ہوگا۔

انہوں نے ریمارکس دیے، ’ہم پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے پر آذربائیجان کے صدر کے شکر گزار ہیں۔‘

وزیراعظم نے کہا کہ اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے سربراہی اجلاس میں رکن ممالک نے تجارت، سرمایہ کاری، آبی وسائل، اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ رکن ممالک نے گلیشیئر پگھلنے کے مسئلے پر بھی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں