فلاڈیلفیا: فیفا کلب ورلڈ کپ کے سنسنی خیز کوارٹر فائنل میں، انگلش کلب چیلسی نے پامیرس کے دفاعی کھلاڑی آگسٹن گیائے کے آخری لمحات میں کیے گئے اون گول کی بدولت 1-2 سے فتح حاصل کر کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔
میچ میں چیلسی کی جانب سے پہلا گول کول پالمر نے 16ویں منٹ میں کیا۔ پالمر نے ٹریوہ چلوباہ کے پاس پر گیند وصول کی اور باکس کے باہر سے ڈربل کرتے ہوئے 15 گز کے فاصلے سے بائیں پاؤں سے شاندار شاٹ لگا کر اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔
تاہم، میچ کے 53ویں منٹ میں پامیرس کے کھلاڑی ایسٹیواؤ نے ایک بہترین گول کر کے مقابلہ برابر کردیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ایسٹیواؤ اس ٹورنامنٹ کے بعد چیلسی میں شامل ہونے والے ہیں، جس کی وجہ سے چیلسی کے شائقین اس گول پر خوشی اور افسوس کی ملی جلی کیفیت میں مبتلا ہوگئے۔
میچ کا فیصلہ کن لمحہ اس وقت آیا جب چیلسی کے میلو گسٹو کا شاٹ پامیرس کے رچرڈ ریوس اور پھر آگسٹن گیائے سے ٹکرا کر جال میں چلا گیا۔ گول کیپر ویورٹن اس غیر متوقع گیند کو روکنے میں ناکام رہے۔
اس فتح کے بعد چیلسی اب سیمی فائنل میں برازیلین کلب فلومیننس سے مقابلہ کرے گی، جس نے ایک اور کوارٹر فائنل میں الہلال کو 1-2 سے شکست دی تھی۔ یہ میچ منگل کو نیو جرسی میں کھیلا جائے گا۔
میچ کے بعد چیلسی کے مینیجر اینزو ماریسکا نے کہا، “یہ ایک مشکل کھیل تھا، جیسا کہ ہم نے توقع کی تھی۔ ہمیں بہت زیادہ توانائی کی ضرورت تھی۔ آخر میں، میں کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتا ہوں کیونکہ وہ بہت اچھے تھے۔” انہوں نے مزید کہا، “میں خوش ہوں کیونکہ ہم جیتے، اور اس لیے بھی خوش ہوں کہ ایسٹیواؤ نے گول کیا. یہ ایک بہترین رات تھی۔”
اس میچ میں جواؤ پیڈرو نے 54ویں منٹ میں چیلسی کے لیے اپنا ڈیبیو بھی کیا، جنہیں دو دن قبل ہی برائٹن اینڈ ہوو البیون سے سائن کیا گیا تھا۔
ٹورنامنٹ کے دیگر کوارٹر فائنلز میں ہفتے کے روز ریال میڈرڈ کا مقابلہ بوروسیا ڈورٹمنڈ سے ہوگا جبکہ پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) کا سامنا بائرن میونخ سے ہوگا۔