گلیشیئر کسی بھی وقت پھٹ سکتے ہیں؟ شمالی علاقہ جات میں بڑی تباہی کا خطرہ

محکمہ موسمیات کا خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان کیلئے ’گلوف‘ الرٹ جاری

اسلام آباد: محکمہ موسمیات پاکستان (پی ایم ڈی) نے ہیٹ ویو کے باعث گلیشیئر پگھلنے کے نتیجے میں گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کیلئے گلیشیئل لیک آؤٹ برسٹ فلڈز (گلوف) کا فوری الرٹ جاری کردیا ہے۔

پی ایم ڈی کے ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ ڈویژن اسلام آباد سے جاری ہونے والے سرکاری الرٹ کے مطابق، درجہ حرارت میں مسلسل اضافے اور آنے والے موسمی سسٹم کے باعث آئندہ چند روز میں شمالی علاقہ جات کی کمزور وادیوں میں سیلابی ریلوں کا خطرہ ہے۔

الرٹ میں کہا گیا ہے کہ گلیشیئر پگھلنے سے بننے والی جھیلیں اچانک پھٹ سکتی ہیں، جس سے ملحقہ وادیوں اور نشیبی علاقوں کی کمیونٹیز میں تباہ کن گلوف واقعات اور سیلابی ریلے آسکتے ہیں۔

محکمہ موسمیات نے خاص طور پر گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے رہائشیوں، مقامی انتظامیہ اور متعلقہ حکام کو ہائی الرٹ رہنے کا مشورہ دیا ہے، کیونکہ موجودہ اور آئندہ ہفتے کے دوران صورتحال مزید سنگین ہوسکتی ہے۔

اس خطرے کے پیش نظر تمام متعلقہ محکموں اور ایمرجنسی رسپانس ٹیموں کو چوکس رہنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کے خطرے کو کم کرنے کے لیے حفاظتی اقدامات کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

ایک علیحدہ ایڈوائزری میں محکمہ موسمیات نے یومِ عاشور پر اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، سرگودھا، فیصل آباد، نوشہرہ اور پشاور میں شدید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات نے متوقع بارشوں کی شدت کے باعث پنجاب کے شہروں کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا بھی انتباہ جاری کیا ہے۔

ایڈوائزری کے مطابق، اس کے برعکس سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔ تاہم، کراچی اور حیدرآباد میں خاص طور پر صبح اور رات کے اوقات میں ہلکی بارش یا بوندا باندی ہوسکتی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں