کلب ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں ایک انتہائی ڈرامائی اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد چیمپئنز لیگ کی فاتح پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) نے 9 کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلتے ہوئے بائرن میونخ کو 2-0 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔
اٹلانٹا میں کھیلے گئے اس میچ کا سب سے افسوسناک لمحہ اس وقت آیا جب بائرن میونخ کے نوجوان جرمن اسٹار جمال موسیالا ایک خوفناک انجری کا شکار ہوگئے۔ پہلے ہاف کے اضافی وقت میں، پی ایس جی کے گول کیپر گیانلوئیگی ڈوناروما نے گیند پر جھپٹتے ہوئے 22 سالہ موسیالا کے بائیں ٹخنے سے ٹکرا گئے، جس سے ان کا ٹخنہ بری طرح ٹوٹ گیا۔ اس واقعے کے بعد ڈوناروما سمیت تمام کھلاڑی شدید صدمے میں نظر آئے اور دوسرے ہاف میں بائرن کے شائقین نے ڈوناروما کو ہر بار گیند چھونے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
میچ کا پہلا گول 78 ویں منٹ میں ڈیزائر ڈوئے نے کیا، جس نے پی ایس جی کو برتری دلائی۔ تاہم، اس کے فوراً بعد پی ایس جی کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جب 82 ویں منٹ میں ولیان پاچو اور پھر اضافی وقت کے دوسرے منٹ میں لوکاس ہرنینڈز کو خطرناک فاؤل کرنے پر ریفری نے ریڈ کارڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیج دیا۔
دو کھلاڑیوں کی کمی کے باوجود پی ایس جی نے ہمت نہیں ہاری۔ جب بائرن میونخ برابری کے لیے تمام کھلاڑیوں کو آگے بھیج چکی تھی، تب اضافی وقت میں ایک جوابی حملے پر اشرف حکیمی کی شاندار مدد سے عثمان ڈیمبیلے نے دوسرا گول داغ کر پی ایس جی کی فتح یقینی بنا دی۔
میچ میں بائرن میونخ کے دو گول آف سائیڈ کی وجہ سے مسترد کر دیے گئے، جن میں ہیری کین کا ایک ہیڈر بھی شامل تھا۔ آخر میں بائرن کو ایک پنالٹی بھی دی گئی جسے بعد میں ویڈیو ریویو (VAR) کے بعد منسوخ کر دیا گیا۔
میچ کے بعد پی ایس جی کے کپتان مارکینیوس نے ٹیم کے عزم کی تعریف کرتے ہوئے کہا، ”دو کھلاڑیوں کی کمی کے ساتھ کھیلنا ہمیشہ مشکل ہوتا ہے لیکن آج ٹیم نے کام مکمل کرنے کا جذبہ دکھایا۔“
اب سیمی فائنل میں پی ایس جی کا مقابلہ ریال میڈرڈ یا بوروسیا ڈورٹمنڈ میں سے کسی ایک ٹیم سے ہوگا۔