سانسیں روک دینے والا مقابلہ! ایمباپے کے شاندار گول نے ریال میڈرڈ کو ڈورٹمنڈ پر سنسنی خیز فتح دلا دی

کلب ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں کھیلے گئے ایک سنسنی خیز مقابلے میں، ریال میڈرڈ نے بوروسیا ڈورٹمنڈ کو 2-3 سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ میچ کے ہیرو کلیان ایمباپے رہے جنہوں نے اضافی وقت میں ایک شاندار بائیسکل کک پر گول کر کے اپنی ٹیم کو فیصلہ کن برتری دلائی۔

میچ کے آخری لمحات ڈرامائی طور پر بھرپور تھے، جہاں اضافی وقت میں تین گول ہوئے۔ اس سے قبل، ریال میڈرڈ نے گونزالو گارشیا اور فران گارشیا کے گولز کی بدولت پہلے 20 منٹ میں ہی 2-0 کی برتری حاصل کر لی تھی۔

تاہم، ڈورٹمنڈ کے میکسیملین بیئر نے اضافی وقت کے تیسرے منٹ میں گول کر کے مقابلہ دلچسپ بنا دیا۔ اس کے صرف ایک منٹ بعد، 67ویں منٹ میں متبادل کھلاڑی کے طور پر میدان میں اترنے والے کلیان ایمباپے نے ایک ناقابل یقین بائیسکل کک کے ذریعے گول کر کے ریال میڈرڈ کی برتری کو دوبارہ دوگنا کر دیا۔

کھیل یہیں ختم نہیں ہوا، اضافی وقت کے آٹھویں منٹ میں ڈین ہوئیزن کے فاؤل پر ڈورٹمنڈ کو پنالٹی ملی، جسے سیرگو گیراسی نے گول میں تبدیل کر دیا۔ فاؤل کرنے پر ہوئیزن کو ریڈ کارڈ دکھایا گیا جس کی وجہ سے وہ سیمی فائنل نہیں کھیل سکیں گے۔ میچ کے آخری سیکنڈ میں ریال کے گول کیپر تھیبو کورٹوا نے اپنی انگلیوں سے گیند کو گول پوسٹ سے باہر دھکیل کر ڈورٹمنڈ کی برابری کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔

اس فتح کے بعد ریال میڈرڈ کا سیمی فائنل میں مقابلہ چیمپئنز لیگ کی فاتح پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) سے بدھ کو ہوگا، جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں چیلسی اور برازیلین کلب فلومینینس مدمقابل ہوں گے۔

میٹ لائف اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ کو 76,611 شائقین نے دیکھا۔ میچ کے آغاز سے قبل لیورپول کے کھلاڑی ڈیوگو جوٹا اور ان کے بھائی آندرے سلوا کی کار حادثے میں ہلاکت پر ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔

اپنا تبصرہ لکھیں