برکس سمٹ سے قبل بڑا دھچکا، روسی و چینی صدور کی غیرحاضری نے اتحاد پر سوالات اٹھا دیے

ریو ڈی جنیرو: ابھرتی ہوئی معیشتوں کے گروپ ‘برکس’ کے رہنما برازیل میں ایک ایسے سربراہی اجلاس کے لیے جمع ہو رہے ہیں جس پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی نئی ٹیرف پالیسیوں کے سائے ہیں، جبکہ یہ بلاک خود کو کثیرالجہتی کے محافظ کے طور پر پیش کر رہا ہے۔

اتوار کو ریو ڈی جنیرو میں شروع ہونے والے دو روزہ سربراہی اجلاس میں زیادہ تر ترقی پذیر دنیا کے رہنما مغربی تسلط پر اپنی سنگین تشویش کے درمیان تعاون بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کریں گے۔

تاہم، اجلاس سے قبل ہی اس وقت اتحاد کے مستقبل پر سوالات اٹھائے جانے لگے جب دو اہم رہنماؤں، روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور چینی صدر شی جن پنگ، نے شرکت سے معذرت کر لی۔

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن یوکرین پر 2022 کے حملے میں اپنے کردار کی وجہ سے بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) کو مطلوب ہیں، اس لیے وہ ذاتی طور پر شرکت نہیں کریں گے۔ چونکہ برازیل روم اسٹیٹیوٹ کا دستخط کنندہ ہے، اس لیے اسے گرفتاری کے وارنٹ پر عمل درآمد کرنا ہوگا۔

دوسری جانب، 2012 میں اقتدار سنبھالنے کے بعد پہلی بار چینی صدر شی جن پنگ بھی ذاتی طور پر شرکت نہیں کر رہے ہیں، بلکہ انہوں نے وزیراعظم لی چیانگ کو بھیجا ہے۔ ان اہم رہنماؤں کی غیر حاضری گروپ کی یکجہتی اور عالمی اثر و رسوخ پر سوالات اٹھا رہی ہے۔

برازیل کی زیر صدارت اس اجلاس میں رہنماؤں سے توقع ہے کہ وہ ٹرمپ انتظامیہ کے ‘غیر امتیازی’ تجارتی محصولات کی مذمت کریں گے اور انہیں غیر قانونی قرار دیتے ہوئے عالمی معیشت کو نقصان پہنچانے کا خطرہ قرار دیں گے۔ عالمی صحت کی پالیسیاں، مصنوعی ذہانت اور موسمیاتی تبدیلی بھی ایجنڈے میں شامل ہوں گی۔

برکس ممالک کا کہنا ہے کہ وہ دنیا کی تقریباً نصف آبادی، عالمی زمینی رقبے کا 36 فیصد اور عالمی اقتصادی پیداوار کا ایک چوتھائی حصہ کی نمائندگی کرتے ہیں۔ یہ بلاک خود کو گلوبل ساؤتھ کے ممالک کے درمیان تعاون کے ایک فورم اور معروف مغربی اقتصادی طاقتوں پر مشتمل گروپ آف سیون (جی 7) کے مقابلے میں ایک توازن کے طور پر دیکھتا ہے۔

برکس کے بانی اراکین میں برازیل، روس، بھارت، چین اور جنوبی افریقہ شامل ہیں۔ بعد ازاں اس میں مصر، ایتھوپیا، انڈونیشیا، ایران، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات بھی مکمل رکن کے طور پر شامل ہوئے۔

تاہم، پس پردہ اختلافات بھی واضح ہیں۔ ذرائع کے مطابق، کچھ رکن ممالک غزہ میں اسرائیل کی جنگ اور ایران پر اس کے حالیہ حملوں پر سخت موقف اختیار کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور مصر کے عبدالفتاح السیسی ریو سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

الجزیرہ کی نمائندہ لوسیا نیومین کے مطابق، گروپ کا مقصد واضح ہے: ‘برکس کا ہدف ایک کثیر قطبی دنیا کے لیے دباؤ ڈالنا ہے جس میں جامع عالمی گورننس ہو تاکہ گلوبل ساؤتھ کو، خاص طور پر تجارتی نظام میں، ایک بامعنی آواز دی جا سکے۔’

انہوں نے مزید کہا، ‘اصل سوال یہ ہے کہ کیا ایک توسیع شدہ برکس، جس کے اراکین کے سیاسی نظام اور ترجیحات بہت مختلف ہیں، کوئی اہم اثر ڈالنے کے لیے کافی حد تک متحد بلاک تشکیل دے سکتا ہے؟’

اپنا تبصرہ لکھیں