کلب ورلڈ کپ: سیمی فائنل میں بڑے ٹکراؤ، ایمباپے سابق کلب کے مدمقابل، کون جیتے گا اعزاز؟

فیفا کلب ورلڈ کپ 2025 کے سیمی فائنل مرحلے میں داخل ہوتے ہی تین یورپی اور ایک جنوبی امریکی ٹیم کی نظریں ٹرافی پر مرکوز ہوگئی ہیں۔ کوارٹر فائنلز میں سنسنی خیز مقابلوں کے بعد سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہو گئی ہے جہاں فٹبال شائقین کو بڑے ٹکراؤ دیکھنے کو ملیں گے۔

پہلا سیمی فائنل منگل کو نیو جرسی کے میٹ لائف اسٹیڈیم میں برازیل کی ٹیم فلومینینس اور انگلش پریمیئر لیگ کی سائیڈ چیلسی کے درمیان کھیلا جائے گا۔ فلومینینس نے کوارٹر فائنل میں الہلال کو 1-2 سے شکست دے کر آخری چار میں جگہ بنائی، ان کی جانب سے میتھیس مارٹینیلی اور ہرکولیس نے گول اسکور کیے۔ دوسری جانب، چیلسی نے پالميراس کے خلاف 1-2 سے کامیابی حاصل کی، جس میں کول پالمر نے پہلا اور مالو گسٹو نے فیصلہ کن گول کیا۔

دوسرا سیمی فائنل بدھ کو یورپی فٹبال کی دو بڑی ٹیموں، پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) اور ریال میڈرڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔ 9 کھلاڑیوں تک محدود ہونے کے باوجود پی ایس جی نے بائرن میونخ کو 0-2 سے شکست دے کر سب کو حیران کر دیا۔ اس میچ کا سب سے دلچسپ پہلو کائیلین ایمباپے کا اپنے سابق کلب پی ایس جی کے خلاف کھیلنا ہوگا۔ ریال میڈرڈ نے ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد بوروسیا ڈورٹمنڈ کو 2-3 سے ہرایا، جس میں ایمباپے نے ایک شاندار اوور ہیڈ کک پر گول بھی اسکور کیا۔

ٹورنامنٹ کا فائنل اتوار کو میٹ لائف اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جو 2026 کے فیفا ورلڈ کپ فائنل کی میزبانی بھی کرے گا۔ کلب ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کو 125 ملین ڈالر تک کی انعامی رقم مل سکتی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں