مون سون بارشوں کا قہر، 10 روز میں ملک بھر میں 72 افراد جاں بحق

اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے مون سون بارشوں سے ہونے والے نقصانات کے اعداد و شمار جاری کردیے ہیں، جس کے مطابق گزشتہ 10 روز میں ملک بھر میں 72 افراد جاں بحق اور 130 زخمی ہوئے ہیں۔

این ڈی ایم اے کی جانب سے 26 جون سے 6 جولائی تک کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں ریکارڈ کی گئیں جہاں 28 افراد جان سے گئے۔ اس کے علاوہ پنجاب میں 22، سندھ میں 15، بلوچستان میں 7 اور آزاد جموں و کشمیر میں 4 افراد لقمہ اجل بنے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش سے متعلقہ واقعات میں مزید 6 اموات ہوئیں، جن میں 4 کا تعلق خیبرپختونخوا اور 2 کا سندھ سے تھا۔ ان واقعات میں 3 افراد زخمی بھی ہوئے۔

مون سون کی بارشوں کے دوران 161 مکانات کو نقصان پہنچا جبکہ 91 مویشی سیلابی ریلوں میں بہہ گئے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق، اس عرصے میں ایمرجنسی رسپانس اداروں نے 19 ریسکیو آپریشنز کیے اور 233 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا، جبکہ متاثرین میں ضروری اشیاء بھی تقسیم کی گئیں۔

این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے 10 جولائی تک ملک بھر میں مزید تیز بارشوں اور ممکنہ سیلاب کا الرٹ بھی جاری کیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں