ٹیکساس میں سیلاب کی تباہی: خوشیوں کا کیمپ ماتم کدہ بن گیا، باپ لاپتہ بیٹی کو پکارتا رہا… کیا وہ مل سکی؟

ہیوسٹن: امریکی ریاست ٹیکساس میں شدید بارشوں کے بعد آنے والے تباہ کن سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی ہے، جس کے نتیجے میں 50 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ سب سے زیادہ دل دہلا دینے والا منظر ایک کرسچن سمر کیمپ کا ہے جہاں اچانک آنے والے سیلابی ریلے کے بعد کئی بچیاں لاپتہ ہوگئیں اور ان کے والدین بے بسی کی تصویر بنے اپنی جگر گوشوں کو تلاش کر رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق، ٹیکساس کے کئی علاقے شدید بارشوں کے باعث زیر آب آچکے ہیں، لیکن سب سے زیادہ المناک واقعہ ایک کرسچن سمر کیمپ میں پیش آیا جو سیلابی ریلے کی زد میں آگیا۔ اس واقعے کے بعد سے کئی بچیاں لاپتہ ہیں، جن کے والدین شدید پریشانی اور کرب میں مبتلا ہیں۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز اور رپورٹس میں ایک بے بس باپ کو اپنی لاپتہ بیٹی کی تلاش میں دیوانہ وار بھٹکتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، جو ہر طرف اپنی بیٹی کو پکار رہا ہے۔ اس دلخراش منظر نے دنیا بھر کے لوگوں کو افسردہ کردیا ہے۔

امدادی کارکنان اور مقامی حکام بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں، لیکن پانی کی بلند سطح اور مسلسل بارشوں کی وجہ سے انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ریاست میں 50 سے زائد ہلاکتوں کی تصدیق ہوچکی ہے اور خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے کیونکہ بہت سے لوگ اب بھی لاپتہ ہیں۔ متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے کوششیں جاری ہیں جبکہ ریاست کے کئی حصوں میں ہنگامی حالت نافذ ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں