غزہ کے شہیدوں کے ناموں سے گونجتا ہالینڈ کا شہر، 5 دن طویل انوکھے احتجاج نے دنیا کو حیران کردیا

نیدرلینڈز کے شہر نجمگین میں غزہ پر اسرائیلی جنگ کے خلاف اور فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک منفرد احتجاجی مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔ شہر کے رہائشی غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کے نام بلند آواز میں پڑھ کر انہیں خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق، اس انوکھے احتجاج کا مقصد جنگ کے متاثرین کو محض اعداد و شمار کے بجائے ان کی انفرادی شناخت کے ساتھ یاد کرنا ہے۔ اس سرگرمی میں حصہ لینے والے شہری باری باری ہزاروں فلسطینی مقتولین کے نام پکارتے ہیں تاکہ دنیا کی توجہ اس انسانی بحران کی طرف مبذول کرائی جا سکے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شہداء کی فہرست اتنی طویل ہے کہ اسے مکمل طور پر پڑھنے میں پانچ دن لگ جائیں گے۔ یہ طویل دورانیہ غزہ میں ہونے والی تباہی کی وسعت اور انسانی جانوں کے ضیاع کی سنگینی کو ظاہر کرتا ہے۔

یہ احتجاجی مظاہرہ ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب دنیا بھر میں اسرائیل پر جنگی جرائم اور نسل کشی کے الزامات عائد کیے جا رہے ہیں، اور مختلف ممالک میں عوام فلسطینیوں کی حمایت میں آواز بلند کر رہے ہیں۔ ہالینڈ کے اس شہر میں ہونے والا یہ پرامن احتجاج عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے کی ایک کوشش ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں