تبتی روحانی پیشوا اور نوبل انعام یافتہ دلائی لامہ کی 90ویں سالگرہ دنیا بھر میں ان کے عقیدت مندوں نے بڑے جوش و خروش اور عقیدت کے ساتھ منائی ہے۔
دنیا کے مختلف حصوں میں منعقدہ تقریبات میں کیک کاٹے گئے اور رنگا رنگ ثقافتی پروگرام پیش کیے گئے، جن میں دلائی لامہ کی طویل اور صحت مند زندگی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ ان تقریبات میں مشہور ہالی ووڈ اداکار رچرڈ گیئر سمیت کئی اہم شخصیات نے بھی شرکت کی، جو دلائی لامہ کے دیرینہ پیروکاروں میں شمار ہوتے ہیں۔
اپنی سالگرہ کے موقع پر، 90 سالہ روحانی پیشوا نے اپنے پیروکاروں کے نام ایک اہم پیغام میں کہا کہ وہ اپنی موت کے بعد دوبارہ جنم (Reincarnate) لیں گے، تاہم انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایسا جلد نہیں ہوگا۔
دلائی لامہ کا یہ بیان اس لیے بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ ان کے جانشین کے معاملے پر ایک عرصے سے قیاس آرائیاں جاری ہیں اور چین اس معاملے میں اپنا کردار ادا کرنے پر اصرار کرتا رہا ہے۔
تبتی بدھ مت کے عقائد کے مطابق، روحانی پیشوا کا تسلسل دوبارہ جنم لینے کے عمل کے ذریعے جاری رہتا ہے۔ دلائی لامہ نے واضح کیا ہے کہ ان کے دوبارہ جنم لینے کے عمل کو تسلیم کرنے کا اختیار صرف ان کی اپنی فاؤنڈیشن کے پاس ہوگا۔