دوحہ: قطر میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے لیے مذاکرات کا آغاز ہوتے ہی غزہ بھر میں اسرائیلی حملوں میں کم از کم 82 افراد شہید ہوگئے ہیں۔
اتوار کے روز صرف غزہ شہر میں 39 افراد شہید ہوئے۔ علاقے کے شیخ رضوان محلے پر آدھی رات کو ہونے والے حملے میں متعدد متاثرین ملبے تلے دب گئے۔ عینی شاہدین نے قیامت خیز مناظر بیان کیے ہیں جہاں پڑوسی بچوں سمیت دیگر افراد کی لاشوں کے ٹکڑے اکٹھے کر رہے ہیں۔
ایک حملے میں بچ جانے والے محمود الشیخ سلامہ نے الجزیرہ کو بتایا کہ یہ حملہ رات 2 بجے ہوا جب وہ سو رہے تھے۔ انہوں نے کہا، “ہم نے ایک زوردار دھماکے کی آواز سنی اور کچھ ہی دیر بعد ایک اور دھماکہ ہوا۔ ہم بھاگ کر وہاں پہنچے تو لوگ ملبے تلے دبے ہوئے تھے – چار خاندان، رہائشیوں کی ایک بڑی تعداد۔”
انہوں نے مزید کہا، “ہم نے زندہ بچ جانے والوں کو تلاش کرنے کی کوشش کی اور تقریباً تین گھنٹے کی جدوجہد کے بعد دو افراد کو ملبے کے نیچے سے زندہ نکالنے میں کامیاب ہوگئے۔ باقی سب شہید ہوگئے اور اب بھی پھنسے ہوئے ہیں۔”
الجزیرہ کے نمائندے ہانی محمود نے غزہ شہر سے رپورٹنگ کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں اسرائیل کی موجودہ فوجی کشیدگی ہر حملے کی شدت اور پیمانے کی وجہ سے جنگ کے ابتدائی ہفتوں کی ایک “خوفناک اور سفاکانہ یاد دہانی” ہے۔
امارتوں پر حملوں کے علاوہ، طبی ذرائع نے الجزیرہ کو بتایا کہ صبح سے اب تک امریکہ اور اسرائیل کی حمایت یافتہ غزہ انسانی فاؤنڈیشن (GHF) کے زیر انتظام امدادی مراکز کے قریب اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے کم از کم نو فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق، مئی کے آخر سے GHF کے زیر انتظام مقامات پر حملوں میں اسرائیلی افواج نے کم از کم 743 فلسطینیوں کو شہید کیا ہے۔
دوسری جانب، غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کے معاہدے کے لیے اسرائیل اور حماس کے درمیان بالواسطہ مذاکرات قطر میں شروع ہو گئے ہیں۔ ایک اہلکار نے خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا، “مذاکرات عملدرآمد کے طریقہ کار اور یرغمالیوں کے تبادلے کے بارے میں ہیں، اور ثالثوں کے ذریعے پوزیشنوں کا تبادلہ کیا جا رہا ہے۔”
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اتوار کو کہا کہ اس ہفتے حماس کے ساتھ غزہ میں یرغمالیوں کی رہائی اور جنگ بندی کا معاہدہ ہونے کا “اچھا موقع” ہے، “کیونکہ وہ قریب ہیں”۔ ٹرمپ پیر کو وائٹ ہاؤس میں اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو سے ملاقات کرنے والے ہیں۔
واشنگٹن روانہ ہونے سے قبل نیتن یاہو نے بھی کہا کہ انہیں یقین ہے کہ پیر کو ٹرمپ کے ساتھ ان کی بات چیت سے غزہ معاہدے پر بات چیت کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔ تاہم، تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ نیتن یاہو غزہ پر انتقامی جنگ اس وقت تک جاری رکھنا چاہتے ہیں جب تک کہ وہ اسرائیل میں اپنے خلاف عدالتی مقدمات کو مسترد کرنے اور ملک کے رہنما بنے رہنے کے لیے کافی سیاسی حمایت حاصل نہ کر لیں۔
قطر یونیورسٹی میں بین الاقوامی تعلقات کے پروفیسر عدنان ھیاجنہ نے الجزیرہ کو بتایا، “اسرائیل اور نیتن یاہو جنگ بندی تک پہنچنے میں دلچسپی نہیں رکھتے،” انہوں نے مزید کہا کہ جنگ بندی کا “بہت کم امکان” ہے۔