کراچی: شہر قائد کے باسیوں کیلئے محکمہ موسمیات نے صبح اور رات کے اوقات میں بعض مقامات پر ہلکی بوندا باندی کی پیشگوئی کی ہے، تاہم ملک بھر میں مون سون کی شدید بارشوں کے باعث سیلاب کا خطرہ منڈلانے لگا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، شہر میں موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہ سکتا ہے۔ شہر میں 10 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سمندری ہوائیں چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 82 فیصد ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
یہ پیشگوئی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ملک بھر میں حالیہ مون سون بارشوں کے نتیجے میں سیلابی ریلوں اور دیگر حادثات میں 72 افراد جاں بحق اور 130 زخمی ہوچکے ہیں۔ 26 جون سے 6 جولائی تک کے اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ 28 اموات خیبرپختونخوا میں ہوئیں۔
دوسری جانب مون سون کی سرگرمیوں میں شدت کے پیش نظر این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے 10 جولائی تک ممکنہ سیلاب کا الرٹ جاری کیا ہے۔
الرٹ میں پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے متعدد علاقوں میں دریاؤں اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ خصوصاً دریائے چناب میں مرالہ اور قادرآباد کے مقام پر نچلے درجے کے سیلاب کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ دریائے سندھ، چناب، سوات، پنچکورہ، چترال، ہنزہ اور دیگر مقامی آبی گزرگاہوں میں پانی کی سطح بلند ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں 6 سے 8 جولائی کی رات تک گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کی ہے، جس سے شمالی اور پہاڑی علاقوں میں سیلابی ریلوں، شہری سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔
پنجاب کے علاقوں مری، گلیات، راولپنڈی، جہلم، اٹک، چکوال، گجرات، گوجرانوالہ، لاہور، شیخوپورہ، فیصل آباد، سرگودھا، ملتان اور ڈی جی خان میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔
سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا تاہم تھرپارکر، عمرکوٹ، بدین، ٹھٹہ، سانگھڑ، دادو، سکھر، جیکب آباد اور لاڑکانہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ موسم کی تازہ ترین صورتحال سے باخبر رہیں اور خاص طور پر سیلاب سے متاثرہ اور گنجان آباد شہری علاقوں میں ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔