لاہور: اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے ایوان میں غیر پارلیمانی طرز عمل پر اپوزیشن کے 26 اراکین کے خلاف نااہلی ریفرنس دائر کرنے کے اقدام کا دفاع کیا ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسپیکر ملک احمد خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ہمیشہ ایوان کے اچھے نگران کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کی کوشش کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’میں نے ہمیشہ ایوان کے اچھے نگران کے طور پر کام کیا ہے، لیکن میں اسمبلی فلور پر گالم گلوچ کی اجازت نہیں دے سکتا‘۔
آئین کے آرٹیکلز 62 اور 63 پر تنقید کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ’اگرچہ میں ذاتی طور پر آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کی مخالفت کرتا ہوں، لیکن یہ اسپیکر کو اختیار دیتے ہیں کہ جب قانون ساز پارلیمانی طرز عمل کے قوانین کی خلاف ورزی کریں تو وہ کارروائی کریں‘۔
واضح رہے کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی نے چند روز قبل پی ٹی آئی کی حمایت یافتہ اپوزیشن کے 26 اراکین کے خلاف نااہلی ریفرنس الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) میں دائر کیا تھا۔
یہ ریفرنس پنجاب اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے دوران ہنگامہ آرائی کے بعد دائر کیا گیا تھا جب اپوزیشن اراکین نے نعرے بازی کی اور کارروائی میں خلل ڈالا تھا۔ اس سے قبل اسپیکر نے 27 جون کو ان اراکین کی رکنیت 15 اجلاسوں کیلئے معطل بھی کردیا تھا۔