کراچی: لیاری میں عمارت گرنے کے سانحے کے بعد سندھ حکومت نے کراچی کی مزید 51 انتہائی خستہ حال عمارتوں کو مسمار کرنے کے لیے بڑا قدم اٹھا لیا ہے۔
صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی نے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن اور وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لیاری عمارت گرنے کے واقعے کی تحقیقات کرنے والی کمیٹی کو اب اضافی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہی کمیٹی اب شہر کی 51 دیگر خستہ حال عمارتوں کی حالت کا بھی جائزہ لے گی اور اگلے 24 گھنٹوں میں اس حوالے سے اپنی رپورٹ جمع کرائے گی۔
اس موقع پر سینئر وزیر شرجیل میمن نے بتایا کہ عمارت گرنے کے واقعے پر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے ڈائریکٹر جنرل کو معطل کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ یہ فیصلہ لیاری میں حالیہ پانچ منزلہ عمارت کے المناک حادثے کے بعد کیا گیا ہے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔
یہ ایک ترقی پذیر خبر ہے جسے مزید تفصیلات کے ساتھ اپ ڈیٹ کیا جا رہا ہے۔