فیفا کلب ورلڈ کپ 2025: چیلسی بمقابلہ فلومینینس سیمی فائنل
سابق چیمپئن چیلسی منگل کو پہلے سیمی فائنل میں برازیل کے کلب فلومینینس کے خلاف فتح کے ساتھ فیفا کلب ورلڈ کپ 2025 کے فائنل میں اپنی جگہ پکی کرنے کی امید کر رہی ہے۔ ’دی بلوز‘ دوسری بار کلب ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم بننے کی کوشش میں ہے لیکن اسے ریو ڈی جنیرو کے اس مضبوط کلب کے خلاف ایک کڑے امتحان کا سامنا ہے جو ٹورنامنٹ میں اب تک ناقابل شکست ہے۔
یہ میچ منگل، 8 جولائی کو نیو جرسی کے میٹ لائف اسٹیڈیم میں مقامی وقت کے مطابق سہ پہر 3 بجے (پاکستانی وقت کے مطابق رات 12 بجے) کھیلا جائے گا۔
چیلسی سیمی فائنل تک کیسے پہنچی؟
چیلسی نے گروپ ڈی میں ایک اور برازیلی سپر کلب، فلیمنگو کے بعد دوسری پوزیشن حاصل کی۔ لندن میں قائم کلب نے اپنی مہم کا آغاز لاس اینجلس ایف سی کے خلاف 2-1 کی جیت سے کیا، اس کے بعد اسے فلیمنگو کے خلاف 3-1 کی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے تیونس کے کلب ایسپیرانس ڈی تیونس کو 3-0 سے شکست دے کر ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا۔ اینزو ماریسکا کی ٹیم کا مقابلہ لاسٹ 16 میں گروپ سی کی فاتح بینفیکا سے ہوا، جہاں انہوں نے پرتگالی کلب کو اضافی وقت میں 4-1 سے شکست دی۔ اس کے بعد کوارٹر فائنل میں چیلسی نے دوسرے برازیلی کلب، پامیراس کو 2-1 سے ہرا کر فائنل فور میں جگہ بنائی۔
فلومینینس کا سیمی فائنل تک کا سفر
فلومینینس، جس نے 2023 کوپا لبرٹاڈورس کے فاتح کے طور پر کلب ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا، گروپ ایف میں ناقابل شکست رہی اور ایک جیت اور دو ڈرا کے ساتھ بوروسیا ڈورٹمنڈ کے بعد دوسرے نمبر پر رہی۔ انہوں نے اپنے ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں ڈورٹمنڈ کے ساتھ 0-0 سے ڈرا کھیلا، پھر جنوبی کوریا کی ٹیم السان ایچ ڈی کو 4-2 سے شکست دی۔ اپنے آخری گروپ میچ میں، انہوں نے جنوبی افریقہ کے مامیلوڈی سنڈاؤنز کے خلاف 0-0 سے کھیلا۔ ناک آؤٹ مرحلے میں، فلومینینس نے انٹر میلان کو 2-0 سے اپ سیٹ کیا، اور پھر کوارٹر فائنل میں سعودی کلب الہلال کے ناقابل یقین سفر کا خاتمہ کرتے ہوئے 2-1 سے فتح حاصل کی اور منگل کے سیمی فائنل میں اپنی جگہ بنائی۔
کیا فلومینینس کے کپتان تھیاگو سلوا چیلسی کیلیے کھیل چکے ہیں؟
40 سالہ متاثر کن کھلاڑی، جنہیں بہت سے لوگ اب تک کے عظیم ترین محافظوں میں سے ایک مانتے ہیں، چیلسی کے سابق کپتان ہیں، جنہوں نے 2020 سے 2024 تک انگلش کلب کے لیے 150 سے زیادہ میچ کھیلے۔ سلوا اسٹامفورڈ برج میں شائقین کے پسندیدہ تھے اور انہوں نے چیلسی کے ساتھ اپنے وقت کے دوران تین ٹرافیاں جیتیں، جن میں یوئیفا چیمپئنز لیگ، یوئیفا سپر کپ اور فیفا کلب ورلڈ کپ شامل ہیں۔ توقع ہے کہ سلوا اپنے پرانے کلب کے خلاف ابتدائی لائن اپ میں شامل ہوں گے۔
ہیڈ ٹو ہیڈ اور تاریخ
یہ فلومینینس اور چیلسی کے درمیان پہلا مسابقتی مقابلہ ہوگا۔ چیلسی نے 2021 میں متحدہ عرب امارات میں منعقدہ کلب ورلڈ کپ کا 18 واں ایڈیشن جیتا تھا۔ دوسری جانب فلومینینس نے 2023 میں سعودی عرب میں ہونے والے ٹورنامنٹ میں کلب ورلڈ کپ میں ڈیبیو کیا تھا، جہاں وہ جدہ میں فائنل تک پہنچی لیکن مانچسٹر سٹی سے 4-0 سے ہار گئی۔
ٹیم نیوز: چیلسی
چیلسی کو لیوائی کول وِل اور لیام ڈیلاپ کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی کیونکہ دونوں نے کوارٹر فائنل میں پامیراس کے خلاف ٹورنامنٹ کا اپنا دوسرا پیلا کارڈ دیکھا تھا۔ موئسس کئیڈو اپنی معطلی کے بعد اسکواڈ میں واپس شامل ہوں گے۔ انجری کے محاذ پر، رومیو لاویا اور ریس جیمز دونوں پامیراس کے خلاف میچ میں شامل نہیں تھے اور منگل کے میچ کے لیے ان کی شرکت مشکوک ہے۔ عمری کیلی مین سلیکشن کے لیے دستیاب نہیں ہیں۔
ٹیم نیوز: فلومینینس
فلومینینس کو جوان پابلو فریٹس اور میتھیوز مارٹینیلی کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی، جنہوں نے کوارٹر فائنل میں الہلال کے خلاف میچ وننگ گول کیا تھا، کیونکہ دونوں نے سعودی کلب کے خلاف اپنے آخری آٹھ کے فائنل میں ٹورنامنٹ کا دوسرا پیلا کارڈ دیکھا تھا۔ کلیدی محافظ رینے معطلی کے بعد کلب میں واپس آ گئے ہیں اور توقع ہے کہ وہ گیبریل فوینٹس کی جگہ ابتدائی لائن اپ میں اپنی جگہ دوبارہ حاصل کر لیں گے۔ اہم کھلاڑی جون اریاس کو ایک بار پھر فلومینینس کی فارورڈ لائن کی قیادت کرنی چاہیے۔
ممکنہ لائن اپس
چیلسی: سانچیز؛ گسٹو، توسین، چیلوباہ، کوکوریلا؛ فرنانڈیز، کئیڈو؛ نیٹو، پامر، نکونکو؛ پیڈرو۔
فلومینینس: فابیو؛ اگناسیو، سلوا، رینے؛ زیویئر، ہرکولیس، برنال، نوناتو، فوینٹس؛ اریاس، کینو۔
کوچز کے تاثرات
چیلسی کے کوچ اینزو ماریسکا نے کہا: ”میں نے ان (فلومینینس) کے کچھ کھیل دیکھے ہیں۔ اور آپ دیکھ سکتے ہیں کہ وہ بہت منظم ہیں۔ ان کے پاس کچھ بہت اچھے کھلاڑی ہیں۔ منیجر (گاؤچو) ایک شاندار کام کر رہے ہیں۔“
ریناٹو گاؤچو، جنہوں نے فلومینینس کو چیمپئنز لیگ کی رنر اپ انٹر میلان کو لاسٹ 16 میں اور الہلال کو کوارٹر فائنل میں شکست دینے میں مدد کی، نے چیلسی کے خلاف سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے کے بعد بات کی۔ انہوں نے کہا، ”یہ سب کی کوششوں کی بدولت ایک اور قدم آگے ہے۔ کلب ورلڈ کپ میں شرکت ایک منفرد موقع ہے… ہم نہیں جانتے کہ ہمیں دوبارہ شرکت کا موقع کب ملے گا۔ میں یہ کوالیفکیشن (الہلال پر فتح) اپنے شائقین کے نام کرتا ہوں، اور میں ریو ڈی جنیرو کے شاندار ماحول کا تصور کرتا ہوں، جیسا کہ یہاں اسٹیڈیم میں شاندار تھا، یہ ایک مستحق فتح تھی۔“
ماخذ: الجزیرہ اور نیوز ایجنسیاں