دبئی: وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے اور وزیراعظم ڈلیوری یونٹ کے سربراہ بلال اظہر کیانی کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطح کا پاکستانی سرکاری وفد متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے دورے پر ہے، جہاں وہ مختلف اماراتی وزارتوں اور اداروں کے ساتھ دو روزہ تبادلہ پروگرام میں شرکت کرے گا۔
ابوظبی میں پاکستانی سفارتخانے سے جاری بیان کے مطابق، پروگرام کے دوران متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے مسابقت اور تجربات کے تبادلے کے نائب وزیر عبداللہ ناصر لوتاہ سے اہم ملاقات کی۔
اس موقع پر سفیر فیصل نیاز ترمذی نے پرتپاک استقبال اور بامعنی مذاکرات کا موقع فراہم کرنے پر متحدہ عرب امارات کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
نائب وزیر عبداللہ ناصر لوتاہ نے پاکستان کے ساتھ گورننس، پبلک سیکٹر کی مسابقت اور جدت طرازی میں قریبی تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے فائدے کیلئے باہمی سیکھنے اور تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
یہ دو روزہ پروگرام 8 اور 9 جولائی کو منعقد ہوگا، جس کا مقصد پاکستانی وفد کو متحدہ عرب امارات کے جدید طرز حکمرانی اور پبلک سروس ماڈلز، خاص طور پر دبئی کے عالمی شہرت یافتہ نظام کا براہ راست تجربہ فراہم کرنا ہے۔
سفیر ترمذی نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ وزیراعظم شہباز شریف پاکستان میں ٹیکس وصولی کو بہتر بنانے کے لیے متحدہ عرب امارات کے کامیاب ٹیکس آٹومیشن سسٹم سے سیکھنے میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔