پشاور: شہر کے گنجان آباد علاقے کوچا بازار میں ایک رہائشی مکان میں منگل کی علی الصبح آگ لگنے کے المناک واقعے میں چار افراد جاں بحق اور تین دیگر زخمی ہوگئے۔
ریسکیو 1122 کے حکام کے مطابق، فائر فائٹرز نے ابتدائی طور پر جلتے ہوئے گھر سے تین افراد کو تشویشناک حالت میں زندہ نکال کر اسپتال منتقل کیا، تاہم، تینوں افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ بعد ازاں، ایک اور شخص کو اسپتال لے جایا گیا جو جھلسنے کے باعث جانبر نہ ہو سکا۔
اس دوران، بچائے گئے تین دیگر زخمی افراد اسپتال کے برنز وارڈ میں زیر علاج ہیں۔
آتشزدگی کے باعث کوچا بازار اور قریبی علاقے چوک ناصر خان میں بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی۔ ریسکیو 1122 کے مطابق، 6 فائر وہیکلز اور 40 اہلکاروں پر مشتمل ٹیم نے طویل جدوجہد کے بعد آگ پر مکمل طور پر قابو پالیا۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ شدید گرمی اور دھوئیں کے باعث آپریشن کے دوران ان کے دو فائر فائٹرز بھی بے ہوش ہوگئے۔ علاقے میں تنگ گلیوں کی وجہ سے آگ بجھانے کی کوششوں میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ایک عینی شاہد نے بتایا کہ ریسکیو ٹیم کے ساتھ بھیجے گئے پہلے واٹر ٹینکر کا پانی چند ہی منٹوں میں ختم ہوگیا تھا، جبکہ ایک فائر باؤزر کو نوزل اور پائپ فٹنگ میں میکینیکل مسائل کا سامنا کرنا پڑا، جس پر حکام کو آگ بجھانے کا عمل جاری رکھنے کے لیے تیسری گاڑی طلب کرنا پڑی۔