صدر زرداری کی تبدیلی کی افواہیں، پیپلز پارٹی نے بڑا واضح پیغام دے دیا

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے صدر آصف علی زرداری کو عہدے سے ہٹائے جانے کی افواہوں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پارٹی کی حمایت کے بغیر نہیں چل سکتی۔

پیپلز پارٹی کے سیکریٹری جنرل نیئر حسین بخاری نے منگل کو جاری بیان میں کہا کہ صدر زرداری کے مستقبل کے حوالے سے زیر گردش افواہوں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ’حکومت پیپلز پارٹی کی حمایت کے بغیر کام نہیں کر سکتی‘۔

یہ وضاحتیں ان خبروں کے بعد سامنے آئی ہیں جن میں صدر زرداری کو عہدے سے ہٹانے اور ایک اور آئینی ترمیم کی قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں۔ یہ افواہیں اس وقت شروع ہوئیں جب حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد مخصوص نشستوں کی بحالی پر قومی اسمبلی میں سادہ اکثریت حاصل کرلی، جس سے حکومتی اتحاد کی ایوانِ زیریں میں نشستوں کی تعداد 218 سے بڑھ کر 235 ہوگئی۔

نیئر بخاری نے صدر زرداری کو ہٹانے کی افواہیں پھیلانے والوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایسی قیاس آرائیوں کے پیچھے موجود لوگوں کو آئین اور قانون کی سمجھ نہیں ہے۔ پی پی پی کے سیکریٹری جنرل نے یہ بھی واضح کیا کہ ان کی جماعت وفاقی کابینہ میں شامل نہیں ہو رہی ہے۔

پیپلز پارٹی کے رہنما کا یہ بیان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر عرفان صدیقی کے بیان سے مطابقت رکھتا ہے، جنہوں نے صدر کو تبدیل کرنے کی کسی بھی تجویز کی سختی سے تردید کی ہے۔ ایک نجی ٹی وی چینل پر بات کرتے ہوئے عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ ’کسی بھی سطح پر ایسی کوئی تجویز زیر غور نہیں‘۔ انہوں نے صدر زرداری کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ سربراہ مملکت کی حیثیت سے اپنا آئینی کردار مؤثر طریقے سے ادا کر رہے ہیں۔

قبل ازیں، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی صدر زرداری کو ہٹائے جانے کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں سوشل میڈیا کی قیاس آرائیاں قرار دیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ کچھ لوگوں کو یہ بات ہضم نہیں ہو رہی کہ پہلی بار سیاستدان، حکومت اور عسکری قیادت ایک پیج پر ہیں، اور یہی عناصر گمراہ کن بیانیے پھیلا رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں