اسلام آباد: محکمہ موسمیات پاکستان (پی ایم ڈی) نے منگل کو ملک بھر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وسیع پیمانے پر بارشوں کی پیشگوئی کی ہے، جبکہ پنجاب، خیبر پختونخوا، کشمیر، شمال مشرقی بلوچستان اور اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کا بھی امکان ہے۔
محکمے نے 7 سے 8 جولائی کے درمیان شدید سے بہت شدید بارشوں کا انتباہ جاری کیا ہے، جس سے مری، گلیات، مانسہرہ، کوہستان، ایبٹ آباد، بونیر، چترال، دیر، سوات، شانگلہ، نوشہرہ، صوابی، مردان، راولپنڈی/اسلام آباد کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی آسکتی ہے۔ اس کے علاوہ ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی علاقوں، شمال مشرقی پنجاب اور بلوچستان کے علاقوں بشمول بارکھان، کوہلو، موسیٰ خیل، ڈیرہ بگٹی، لورالائی، ژوب، قلات، خضدار اور لسبیلہ میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ ہے۔
بارشوں کے دوران خیبر پختونخوا، مری، گلیات اور کشمیر کے حساس پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور مٹی کے تودے گرنے سے سڑکیں بند ہو سکتی ہیں۔
اس کے علاوہ اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، سرگودھا، فیصل آباد، نوشہرہ اور پشاور کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا بھی امکان ہے۔ حکام نے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
صوبائی سطح پر خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع، پنجاب کے مری، گلیات، راولپنڈی، جہلم، اٹک، چکوال، گجرات، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، سرگودھا اور ڈی جی خان سمیت کئی شہروں میں بارش کا امکان ہے۔
سندھ کے اکثر اضلاع میں موسم شدید گرم اور مرطوب رہے گا تاہم کراچی سمیت ساحلی علاقوں میں ہلکی بارش یا بوندا باندی ہوسکتی ہے۔ بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بھی موسم گرم اور مرطوب رہے گا لیکن بارکھان، کوہلو، موسیٰ خیل، ژوب اور دیگر علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔
کشمیر میں وقفے وقفے سے بارش اور کہیں کہیں شدید بارش متوقع ہے جبکہ گلگت بلتستان میں موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کاکول میں 31 ملی میٹر، مالم جبہ میں 23، مظفرآباد میں 21، کروڑ (لیہ) میں 20، لسبیلہ میں 15 اور اسلام آباد میں 12 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ سب سے زیادہ درجہ حرارت نوکنڈی میں 46 اور چلاس میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔