مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر کی وادی نیلم میں چکار ہل اسٹیشن کے قریب اسکول وین کھائی میں گرنے سے ڈرائیور سمیت 26 افراد زخمی ہوگئے، جن میں 25 اسکول کے بچے شامل ہیں۔
آزاد کشمیر پولیس کے مطابق زخمی بچوں اور ڈرائیور کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) مرزا زاہد نے بتایا کہ وین ڈرائیور اور دو بچوں کی حالت تشویشناک ہے۔
حادثے سے متاثرہ بچوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال ہٹیاں بالا اور تحصیل ہیڈکوارٹر (ٹی ایچ کیو) اسپتال چکار منتقل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ملک کے پہاڑی علاقوں میں خراب ڈرائیونگ، حفاظتی اقدامات کی کمی، مشکل راستوں اور خستہ حال سڑکوں کی وجہ سے ٹریفک حادثات عام ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، 2023 کے مقابلے میں 2024 میں پاکستان میں ٹریفک حادثات میں 33 فیصد سے زائد کمی واقع ہوئی ہے۔ آزاد جموں و کشمیر میں 409 سڑک حادثات رپورٹ ہوئے جن میں 111 مہلک اور 298 غیر مہلک تھے۔
اس سے قبل مئی میں بھی آزاد کشمیر کی تحصیل دھیرکوٹ میں ایک کار کھائی میں گرنے سے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ذاکر اعوان اور آئی جی کے ریڈر علی بخاری سمیت پانچ پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے تھے۔