عمران خان نے جیل سے دیا بڑا حکم، 5 اگست کو ملک بھر میں کیا ہونے جا رہا ہے؟

راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے اپنی قید کے دو سال مکمل ہونے پر 5 اگست کو حکومت مخالف احتجاج کو ‘عروج پر’ پہنچانے کی ہدایت کی ہے۔

یہ بات ان کی بہن علیمہ خان نے منگل کو اڈیالہ جیل میں سابق وزیراعظم سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔

گزشتہ ہفتے بھی علیمہ خان نے بانی پی ٹی آئی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا تھا کہ انہوں نے 10 محرم کے بعد حکومت مخالف تحریک شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔ علیمہ خان نے کہا کہ ’10 محرم گزر چکا ہے، اب پارٹی اپنی حکمت عملی کا اعلان کرے گی’۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ بانی پی ٹی آئی جیل سے ہی احتجاج کی قیادت کریں گے۔ علیمہ خان نے پارٹی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے عمران خان کا قول دہرایا کہ ‘وہ جیل میں آزاد ہیں جبکہ پارٹی رہنما باہر قید ہیں’۔

ان کا کہنا تھا کہ احتجاجی منصوبے کے بارے میں ہمارا خاندان جانتا ہے لیکن اس کی تفصیلات مناسب وقت پر میڈیا کو بتائی جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کا پورا خاندان آئندہ احتجاج میں شریک ہوگا۔

پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی کے 26 اراکین کی معطلی پر ردعمل دیتے ہوئے علیمہ خان نے الزام عائد کیا کہ یہ اقدام ‘وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو خوش کرنے’ کے لیے کیا گیا ہے۔

اس موقع پر عمران خان کی دوسری بہن نورین نیازی نے بتایا کہ سابق وزیراعظم کی صحت اچھی ہے، لیکن جیل حکام نے گزشتہ ایک ہفتے سے انہیں ٹیلی ویژن، اخبارات اور دیگر مطالعاتی مواد تک رسائی نہیں دی۔

علیمہ خان نے الزام لگایا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو قید تنہائی میں رکھا گیا ہے اور عمران خان کو 10 ماہ سے اپنے ذاتی معالج سے ملنے کی اجازت بھی نہیں دی گئی۔ انہوں نے جیل میں بانی پی ٹی آئی پر پابندیوں کا ذمہ دار وزیراعلیٰ پنجاب کو ٹھہرایا۔

دوسری جانب، گزشتہ ہفتے پی ٹی آئی کے ترجمان شیخ وقاص اکرم نے کہا تھا کہ ان کی جماعت نے پہلے ایران اسرائیل جنگ اور پھر محرم کے احترام میں ملک گیر احتجاج ملتوی کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں صوبوں اور اضلاع میں مظاہرے کیے جائیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے احتجاج میں اسلحہ لانے کے بیان کا مطلب اپنے دفاع کا حق تھا، کیونکہ ہر کسی کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔ ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے علی امین گنڈاپور کو احتجاج کی قیادت کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں