میڈرڈ: نیوز ایجنسیاں
ہسپانوی پولیس نے انکشاف کیا ہے کہ لیورپول اور پرتگال کے اسٹار فٹبالر ڈیوگو جوٹا کی کار کو پیش آنے والا جان لیوا حادثہ ممکنہ طور پر تیز رفتاری کے باعث ہوا۔
گزشتہ ہفتے اسپین میں پیش آنے والے اس حادثے میں 28 سالہ ڈیوگو جوٹا اور ان کے 25 سالہ بھائی آندرے سلوا ہلاک ہوگئے تھے۔ یہ افسوسناک واقعہ جوٹا کی شادی کے صرف دو ہفتے بعد پیش آیا، جس نے فٹبال کی دنیا کو سوگ میں ڈوبو دیا ہے۔
منگل کو اسپین کے سول گارڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ جاری تحقیقات میں گاڑی کے پہیوں سے سڑک پر لگنے والے نشانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور تمام شواہد اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہیں کہ گاڑی کی رفتار مقررہ حد سے بہت زیادہ تھی۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ اب تک کی گئی تمام تحقیقات سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ گاڑی ڈیوگو جوٹا چلا رہے تھے۔
اس سے قبل پولیس نے کہا تھا کہ ممکنہ طور پر اوور ٹیکنگ کے دوران گاڑی کا ٹائر پھٹ گیا تھا، جس کی وجہ سے گاڑی بے قابو ہو کر آگ کی لپیٹ میں آگئی۔ یہ حادثہ شمال مغربی صوبے زامورا میں پیش آیا۔
حادثے سے چند گھنٹے قبل ہی جوٹا نے 22 جون کو اپنی پارٹنر روٹ کارڈوسو سے ہونے والی شادی کی ویڈیو پوسٹ کی تھی۔ ان کے تین بچے بھی ہیں۔
دونوں بھائیوں کی موت پر فٹبال کی دنیا، خاص طور پر ان کے آبائی ملک پرتگال اور ان کے کلب لیورپول میں گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا۔ ہفتے کے روز پورٹو کے نواحی علاقے گونڈومر میں ان کی آخری رسومات میں سیاسی رہنماؤں، پرتگال اور لیورپول کے اسٹار کھلاڑیوں سمیت اہل خانہ اور دوستوں نے شرکت کی۔
ایٹلیٹیکو میڈرڈ، پورٹو اور وولور ہیمپٹن وانڈررز میں کھیلنے کے بعد، جوٹا نے 2020 میں پریمیئر لیگ کے بڑے کلب لیورپول میں شمولیت اختیار کی اور مداحوں کے پسندیدہ کھلاڑی بن گئے۔ انہوں نے پانچ سیزن میں ریڈز کے لیے 65 گول کیے، 2021-22 میں لیگ کپ اور ایف اے کپ جیتا اور گزشتہ سیزن میں کلب کو ریکارڈ 20 واں انگلش لیگ ٹائٹل جتوانے میں مدد کی۔
اسٹرائیکر نے پرتگال کے لیے 49 میچز بھی کھیلے اور اس سال یوئیفا نیشنز لیگ جیتنے والی ٹیم کا حصہ تھے۔ ان کے چھوٹے بھائی آندرے پرتگال کے سیکنڈ ٹئیر کلب ایف سی پینافیل کے لیے مڈفیلڈ میں کھیلتے تھے۔