اسلام آباد/کراچی/پشاور/کوئٹہ: ملک کی چاروں صوبائی ہائی کورٹس اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹسز نے مستقل چیف جسٹس کے طور پر اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، حلف برداری کی یہ تقاریب صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی منظوری کے بعد وزارتِ قانون و انصاف کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری ہونے کے ایک روز بعد منعقد ہوئیں۔
ایوانِ صدر میں منعقدہ تقریب میں صدر آصف علی زرداری نے جسٹس محمد سرفراز ڈوگر سے اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے عہدے کا حلف لیا۔ جسٹس ڈوگر فروری سے قائم مقام چیف جسٹس کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ اس تقریب میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، وفاقی وزرا، اراکین پارلیمنٹ اور وکلا برادری کے اراکین سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔
یاد رہے کہ فروری میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے پانچ ججز نے جسٹس ڈوگر کی بطور قائم مقام چیف جسٹس تعیناتی کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا، تاہم عدالت عظمیٰ نے 19 جون کو یہ درخواستیں مسترد کرتے ہوئے جسٹس ڈوگر کو کام جاری رکھنے کی اجازت دی تھی۔ بعد ازاں، ان پانچ ججز نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کر رکھی ہے۔
دوسری جانب، پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس، جسٹس سید محمد عتیق شاہ کی حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس میں ہوئی، جہاں خیبرپختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے ان سے حلف لیا۔ تقریب کے دوران گورنر اور وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کے درمیان خوشگوار ماحول میں گفتگو بھی ہوئی، جس میں وفاقی وزیر امیر مقام بھی شریک تھے۔
بلوچستان میں گورنر شیخ جعفر خان مندوخیل نے بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس روزی خان بڑیچ سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔
اسی طرح کراچی میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے گورنر ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں جسٹس جنید غفار سے سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے عہدے کا حلف لیا۔