واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یوکرین جنگ پر جاری مذاکرات کے دوران اپنے روسی ہم منصب ولادیمیر پیوٹن کے رویے پر شدید مایوسی اور برہمی کا اظہار کیا ہے، اور ان کی باتوں کو ’بے معنی بکواس‘ قرار دے دیا ہے۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق، صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ یوکرین جنگ کے حوالے سے ہونے والے مذاکرات میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی جانب سے کی جانے والی بے مقصد باتوں سے تنگ آچکے ہیں۔
اپنے بیان میں انہوں نے واضح کیا کہ روسی صدر کے رویے پر ان کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو رہا ہے اور اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو اضافی پابندیاں بھی زیرِ غور آسکتی ہیں۔
صدر ٹرمپ کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دونوں ممالک کے درمیان یوکرین کے تنازع پر کشیدگی میں کمی لانے کے لیے مذاکراتی عمل جاری ہے۔
امریکی صدر کے اس سخت ردِعمل سے ظاہر ہوتا ہے کہ مذاکرات میں پیشرفت نہیں ہو رہی اور امریکا کی جانب سے روس پر دباؤ بڑھانے کے لیے مزید اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔ اس بیان نے عالمی سطح پر دونوں بڑی طاقتوں کے تعلقات میں ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔