واشنگٹن: اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے غزہ میں جنگ بندی کے حوالے سے اہم بات چیت کی ہے اور منگل کو دوبارہ ملاقات کا اعلان کیا ہے جس میں ’امن کے مواقع‘ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
امریکی قانون سازوں سے کیپیٹل ہل میں ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بنجمن نیتن یاہو نے کہا کہ وہ منگل کو صدر ٹرمپ سے ایک بار پھر ملیں گے تاکہ غزہ کی صورتحال پر بات چیت کو آگے بڑھایا جا سکے۔
اس موقع پر انہوں نے امریکا اور اسرائیل کے درمیان فوجی تعلقات کی بھی بھرپور تعریف کی اور واشنگٹن کے ساتھ عسکری روابط کو ’غیر معمولی‘ قرار دیا۔
یہ ملاقاتیں ایک ایسے وقت میں ہو رہی ہیں جب غزہ میں اسرائیلی جارحیت جاری ہے اور عالمی سطح پر جنگ بندی کے لیے دباؤ بڑھ رہا ہے۔ نیتن یاہو کی جانب سے ایک طرف امن کی بات اور دوسری طرف فوجی تعلقات کی تعریف نے صورتحال کی پیچیدگی کو مزید نمایاں کر دیا ہے۔