کالعدم کردستان ورکرز پارٹی (پی کے کے) کے رہنما عبداللہ اوکلان نے ترکیہ کے خلاف مسلح جدوجہد کے خاتمے کا اعلان کرتے ہوئے جمہوری سیاست کی طرف مکمل منتقلی کا مطالبہ کیا ہے۔
قید رہنما نے اپنا پیغام جون میں ریکارڈ کی گئی ایک ویڈیو کے ذریعے پہنچایا، جسے بدھ کے روز پی کے کے سے وابستہ فرات نیوز ایجنسی نے نشر کیا۔ اس میں انہوں نے اس تبدیلی کو ایک ‘تاریخی کامیابی’ قرار دیا۔
1999 سے قید لیکن ترکیہ اور اس سے باہر کردوں میں انتہائی بااثر شخصیت سمجھے جانے والے اوکلان نے کہا، “یہ مسلح تصادم کے مرحلے سے جمہوری سیاست اور قانون کے مرحلے کی طرف ایک رضاکارانہ منتقلی کی نمائندگی کرتا ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ کرد پی کے کے جنگجوؤں کی رضاکارانہ طور پر اسلحہ پھینکنے اور امن عمل کی نگرانی کے لیے ترک پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کا عمل “انتہائی اہم” ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ “احتیاط اور حساسیت ضروری ہے،” اور مزید کہا کہ اسلحہ پھینکنے کے عمل کی تفصیلات “تیزی سے طے اور نافذ کی جائیں گی۔”
اوکلان کا یہ پیغام شمالی عراق میں پی کے کے کی پہلی اسلحہ پھینکنے کی تقریب سے چند روز قبل سامنے آیا ہے۔ واضح رہے کہ رواں سال مئی میں پی کے کے نے ترک ریاست کے خلاف 40 سال سے زائد عرصے پر محیط مسلح جدوجہد کے بعد تنظیم کو تحلیل کرنے کا اعلان کیا تھا۔
یہ اعلان فروری میں اوکلان، جو ‘اپو’ (کرد زبان میں چچا) کے نام سے بھی جانے جاتے ہیں، کی جانب سے گروپ کو اسلحہ پھینکنے کی اپیل کے دو ماہ بعد سامنے آیا تھا۔
ترکیہ، یورپی یونین اور امریکہ نے پی کے کے کو اس کی بیشتر تاریخ کے لیے ایک “دہشت گرد” گروہ قرار دیا ہے۔ 1984 اور 2024 کے درمیان اس تنازعے میں 40,000 سے زائد افراد ہلاک ہوئے، جبکہ ہزاروں کرد جنوب مشرقی ترکیہ میں تشدد سے فرار ہو کر مزید شمالی شہروں میں پناہ لینے پر مجبور ہوئے۔