بھارت میں قیامت صغریٰ: گجرات میں پل دریا میں جا گرا، گاڑیوں سمیت 9 افراد ہلاک، مزید ہلاکتوں کا خدشہ

نئی دہلی: بھارتی ریاست گجرات میں دریا پر بنا پل گرنے سے کم از کم نو افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

حکام کے مطابق، یہ افسوسناک واقعہ بدھ کی صبح گجرات کے ضلع وڈودرا میں پیش آیا جہاں گمبھیرا پُل کا ایک حصہ ٹوٹ کر دریائے ماہی ساگر میں جا گرا، جس کے نتیجے میں کئی گاڑیاں بھی دریا میں بہہ گئیں۔

گجرات کے وزیر صحت روپیش پٹیل نے بتایا کہ یہ پل 1985 میں تعمیر کیا گیا تھا۔

ایک سینئر سرکاری اہلکار، انیل دھمیلیا نے صحافیوں کو بتایا کہ حادثے کے بعد کم از کم نو لاشیں نکالی جا چکی ہیں جبکہ پانچ افراد زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جائے حادثہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے حادثے کو ‘انتہائی افسوسناک’ قرار دیتے ہوئے ہلاک شدگان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

واضح رہے کہ بھارت میں ناقص انفراسٹرکچر اور حفاظتی خدشات کے باعث اکثر بڑے حادثات پیش آتے رہتے ہیں۔

یاد رہے کہ 2022 میں بھی گجرات میں برطانوی دور کا ایک کیبل برج دریائے مچھو میں گر گیا تھا، جس کے نتیجے میں سینکڑوں افراد پانی میں ڈوب گئے تھے اور کم از کم 132 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

اپنا تبصرہ لکھیں