فارمولا ون ٹیم ریڈ بُل نے ٹیم پرنسپل کرسچن ہارنر کو برطرف کر دیا ہے اور ان کی جگہ لارینٹ میکیز کو ٹیم کا نیا سربراہ مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔
51 سالہ ہارنر فارمولا ون میں سب سے طویل عرصے تک خدمات انجام دینے والے ٹیم پرنسپل تھے، جو 2005 میں ریڈ بُل کے آغاز سے ہی اس عہدے پر فائز تھے۔
ملٹن کینز میں قائم ٹیم نے بدھ کو ایک بیان میں کہا، “ریڈ بُل نے کرسچن ہارنر کو آج (بدھ 9 جولائی 2025) سے ان کے آپریشنل فرائض سے فارغ کر دیا ہے اور لارینٹ میکیز کو ریڈ بُل ریسنگ کا سی ای او مقرر کیا ہے۔”
فرانسیسی شہری میکیز ریڈ بُل کی سسٹر ٹیم ‘ریسنگ بُلز’ سے شامل ہو رہے ہیں، جبکہ موجودہ ریسنگ ڈائریکٹر ایلن پرمین کو ریسنگ بُلز میں ٹیم پرنسپل کے عہدے پر ترقی دی جائے گی۔
ہارنر کی سربراہی میں ریڈ بُل نے آٹھ ڈرائیورز ورلڈ چیمپئن شپ اور چھ کنسٹرکٹرز چیمپئن شپ جیتیں، لیکن اس سیزن میں ٹیم مشکلات کا شکار ہے اور کنسٹرکٹرز سٹینڈنگ میں 172 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔ وہ سرفہرست ٹیم میکلارن سے 288 پوائنٹس پیچھے ہیں۔ ریڈ بُل کے چار بار کے فارمولا ون چیمپئن میکس ورسٹیپن نے 12 میں سے صرف دو ریس جیتی ہیں اور ڈرائیورز چیمپئن شپ میں تیسرے نمبر پر ہیں۔
واضح رہے کہ ہارنر کے عہدے پر گزشتہ سال اس وقت سوالات اٹھائے گئے تھے جب ایک خاتون ملازم کی جانب سے ان پر نامناسب رویے کے الزامات لگائے گئے تھے۔ تاہم، برطانوی شہری نے الزامات کی تردید کی تھی اور تحقیقات کے بعد انہیں کلیئر کر دیا گیا تھا۔
نئے سی ای او لارینٹ میکیز نے اپنے بیان میں کہا، “ہمارے تمام باصلاحیت لوگوں کے ساتھ مل کر ریسنگ بُلز کے آغاز میں حصہ ڈالنا ایک حیرت انگیز سفر رہا ہے۔ پوری ٹیم کا جذبہ ناقابل یقین ہے، اور مجھے پختہ یقین ہے کہ یہ صرف شروعات ہے۔” انہوں نے مزید کہا، “ایلن اب یہ ذمہ داری سنبھالنے اور ہمارے راستے کو جاری رکھنے کے لیے بہترین شخص ہیں۔ وہ ٹیم کو اندر سے جانتے ہیں اور ہمیشہ ہماری ابتدائی کامیابیوں کا ایک اہم ستون رہے ہیں۔”