پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) کے کوچ لوئس اینریکے نے بدھ کو اپنے سابق اسٹار کھلاڑی کلیان ایمباپے کے نئے کلب ریال میڈرڈ کے خلاف فیفا کلب ورلڈ کپ سیمی فائنل سے قبل کسی بھی قسم کے تبصرے اور موازنے سے گریز کیا ہے۔
منگل کو ایک نیوز کانفرنس کے دوران جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا ایمباپے کے بغیر ان کی ٹیم ایک بہتر ٹیم ہے، تو لوئس اینریکے نے اسے ماضی کا سوال قرار دیتے ہوئے کہا، ‘میں یہاں ماضی کے بارے میں بات کرنے نہیں آیا، میں صرف مستقبل کے بارے میں سوچ رہا ہوں۔’
اینریکے نے 2023-24 کے سیزن میں پیرس میں ایمباپے کی کوچنگ کی تھی، جو ایک ہنگامہ خیز سال تھا جس میں فرانسیسی کپتان کو نیا معاہدہ نہ کرنے پر ابتدائی طور پر ٹیم سے باہر کر دیا گیا تھا اور بعد میں جب انہوں نے کلب چھوڑنے کا واضح عندیہ دیا تو انہیں کم ہی میچز میں استعمال کیا گیا۔
اینریکے نے مزید کہا، ‘میں صرف اتنا کہہ سکتا ہوں کہ (ایمباپے کا پی ایس جی میں آخری سیزن) ماضی کا حصہ ہے، وہ اب ہمارے پیچھے ہے۔’
تاہم، ہسپانوی کوچ نے اعتراف کیا کہ اپنے سابق سپر اسٹار کھلاڑی کا سامنا کرنا میچ میں ایک نیا رنگ بھرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ‘دنیا کی سب سے کامیاب ٹیم کے خلاف کھیلنا’ یقینی طور پر ‘اضافی حوصلہ افزائی’ ہے۔
پی ایس جی کو نیو جرسی کے شدید موسمی حالات کا بھی سامنا کرنا پڑے گا، جہاں دوپہر کے وقت شدید گرمی میں میچ کھیلا جائے گا۔ منگل کو چیلسی اور فلومینینس کے درمیان سیمی فائنل میں درجہ حرارت 35 ڈگری سیلسیس (95 ڈگری فارن ہائیٹ) سے تجاوز کر گیا تھا اور نمی کا تناسب 54 فیصد سے زیادہ تھا، جس پر قومی موسمیاتی سروس نے وارننگ بھی جاری کی تھی۔
لوئس اینریکے نے کہا، ‘ہم اس کے عادی ہو رہے ہیں۔ ان حالات میں کھیلنا ورلڈ کپ کے دوران معمول بن چکا ہے۔ یہ تماشائیوں کے لیے اچھا نہیں کیونکہ اس پوزیشن میں کھیلنا مشکل ہوتا ہے، لیکن یہ دونوں ٹیموں کے لیے ایک جیسا ہے۔’
اس میچ کا فاتح اتوار کو فائنل میں چیلسی کا سامنا کرے گا، جس نے منگل کو فلومینینس کو 2-0 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی ہے۔