انگلش فٹبال کلب چیلسی نے برازیل کے کلب فلومینینس کو 2-0 سے شکست دے کر فیفا کلب ورلڈ کپ 2025 کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔ چیلسی کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے جواؤ پیڈرو نے اپنی سابقہ ٹیم کے خلاف دو گول اسکور کرکے ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔
برازیلین فارورڈ جواؤ پیڈرو، جو 2020 میں واٹفورڈ جانے سے قبل 10 سال کی عمر سے فلومینینس کا حصہ تھے، نے منگل کو میٹ لائف اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے 18ویں منٹ میں باکس کے بائیں جانب سے شاندار کرلنگ شاٹ پر اپنی نئی ٹیم کو برتری دلائی۔
24 سالہ کھلاڑی، جو گزشتہ ہفتے 81.5 ملین ڈالر میں برائٹن سے چیلسی میں شامل ہوئے، نے دوسرے ہاف کے شروع میں 56ویں منٹ میں ایک اور طاقتور شاٹ پر دوسرا گول کرکے ٹیم کی جیت یقینی بنا دی۔ یہ گول کول پالمر کے شاندار ڈریبل کے بعد اینزو فرنینڈس کے پاس پر ہوا۔
اپنے دونوں گولز پر، پیڈرو نے اپنے سابقہ کلب کا احترام کرتے ہوئے جشن منانے سے گریز کیا۔ پہلے گول کے بعد انہوں نے جشن منانے کے لیے دو قدم اٹھائے اور پھر رک کر ہاتھ جوڑ لیے۔
اس سے قبل فلومینینس کو اس وقت برتری حاصل کرنے کا بہترین موقع ملا جب 27ویں منٹ میں مارک کوکوریلا نے ہرکولیس کے شاٹ کو گول لائن سے کلیئر کیا۔ پیڈرو کے پہلے گول کے فوراً بعد چیلسی کے دفاعی کھلاڑی ٹریووہ چلوباہ کے ہاتھ پر گیند لگنے پر پینلٹی کا معاملہ بھی سامنے آیا، لیکن ویڈیو اسسٹنٹ ریفری (VAR) کی مداخلت کے بعد پینلٹی کا فیصلہ واپس لے لیا گیا۔
اب فائنل میں چیلسی کا مقابلہ ریال میڈرڈ اور پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) کے درمیان بدھ کو ہونے والے دوسرے سیمی فائنل کی فاتح ٹیم سے ہوگا۔
چیلسی اب اپنی 2021 کی فتح کے بعد دوسرا فیفا کلب ورلڈ کپ ٹائٹل جیتنے کی کوشش کرے گی۔ یہ مسلسل 12واں موقع ہوگا جب کوئی یورپی ٹیم کلب ورلڈ کپ کا ٹائٹل جیتے گی، اس سے قبل واحد استثنیٰ 2012 میں برازیل کے کورینتھیئنز کی چیلسی کے خلاف فتح تھی۔